سیلاب سے دوکروڑ افراد متاثرہوئے ہیں جبکہ اربوں روپے کا انفراسڑکچر تباہ ہوگیا ، حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے گی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی

Aug 14, 2010 | 13:29

سفیر یاؤ جنگ
یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ، سیاسی قیادت اور دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے جس کا حکومتی ذرائع سے مقابلہ کرنا ممکن نہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے یوم آزادی ، عید اور افطار کی سرکاری تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے امداد فراہم نہ کرنے کے باعث آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت نے عوام کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں ۔ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام ، این ایف سی ایوارڈ ، مزدور کی تنخواہ میں اضافہ ، یتیم بچوں کے لیے سویٹ ہومز جیسے پروگرام حکومت کی اہم کامیابیاں ہیں ۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ میڈیا کی تنقید کو خوشدلی سے قبول کرتے ہیں اوراس پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ وزیر اعظم نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا ۔
مزیدخبریں