لاہور (وقائع نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے گیس چوری کر کے 500 گھروں کو ماہانہ بنیادوں پر فروخت کرنے والے ملزم کی ضمانت خارج کر دی۔ پولیس نے ملزم کی عدالت سے فرار کی کوشش ناکام بنا دی‘احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو ملزم عمر کی جانب سے بتایا گیا تھانہ نشتر کالونی کی پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کر رکھا ہے۔گیس چوری کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں،تفتیشی افسر اور محکمہ سوئی گیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم عمر فیروز پور روڈ پر اپنے گھر سے 500گھروں کو گیس چوری کر کے عرصہ درزا سے فروخت کر رہا تھا اور اس سارے معاملہ کے ثبوت بھی موجود ہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کر دی جس پر ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنا کر احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔