کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) ڈھاڈر کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 حملہ آور جاں بحق ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق ڈھاڈر کے علاقے کمبری پل کے قریب مسلح افراد ریلوے ٹریک کو اڑانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ہلاک ہونے والے افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں ہرنائی میں نامعلوم سمت سے فائر کئے گئے 2 راکٹ کھلے میدان میں گر کر دھماکوں سے پھٹ گئے۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر ژوب کوئٹہ قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سردار شاہ وزیر کے بیٹے اور بھتیجے کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ دریں اثناءکوئٹہ بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش کی شناخت اظہر احمد کے نام سے ہو گئی۔