کنٹینروں میں گھری سوچ

اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔ آزادی سے بولنا، آزادی سے آنا جانا، آزادی سے اپنی مرضی کے مطابق عمل کرنا اور آزادی سے رہنا، یہ سب آزادی کے ہی مختلف رنگ ہیں لیکن ایک آزادی ان تمام آزادیوں میں سب سے اہم ہے اور وہ آزادی ہے آزادی سے سوچنا! آزادی سے رہنے، بولنے، آنے جانے اور اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے پر تو یقینا قدغن لگائی جاسکتی ہے، لیکن آزادی سے سوچنا ایسی نعمت ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی ۔آیئے یوم آزادی کے موقع پردیکھتے ہیں کہ آزادی سے سوچنے والوں نے آزادی سے متعلق کیسی کیسی خوبصورت باتیں سوچیں!
قربانی کے بغیر آزادی کا حصول ممکن نہیں، پاکستان کا مطلب صرف آزادی نہیں بلکہ مسلمانوں کے نزدیک آزادی ایک نظریہ حیات کا نام ہے، پاکستان میں آپ کو اپنی مسجد، گرجہ گھر، مندر اور عبادتگاہوں میںجانے کی مکمل آزادی ہوگی (قائداعظم محمد علی جناحؒ)
آزادی کی حفاظت قوانین سے نہیں بلکہ جذبہ عمل اور ایثار کے ذریعہ ہوتی ہے (مادرِ ملت فاطمہ جناح)
ایسی آزادی کا کوئی فائدہ نہیں، جس میں غلطی کرنے پر پابندی ہو (مہاتما گاندھی)بلاشبہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، لیکن جہاں تشدددر آئے وہاں”آزادی “زیادہ عرصہ تک برقرار نہیں رہتی (جواہر لال نہرو) اپنی سوچ دبا کر رکھنے سے بڑی غلامی اور کیا ہے؟ (یوریپیڈیس)آزادیِ اظہار کے اس کے علاوہ کیا معنی ہیں کہ وہ کہنے کی آزادی ہو جو لوگ نہیں سننا چاہتے (جارج اورویل) اگر آزادیِ اظہار سلب ہوجائے تو پھر گونگوں بہروں کے ہجوم کو ایسے ہی ہانکا جاسکتا ہے جیسے بھیڑوں کے ریوڑ کو مذبح خانے کی جانب لے جایا جاتا ہے (جارج واشنگٹن) مجھے کسی بھی آزادی سے پہلے آزادیِ ضمیر چاہیے (جان ملٹن) جو بھی کسی قوم کو غلام بنانا چاہے اسے ابتدا آزادیِ اظہار چھیننے سے کرنی چاہئے (بنجمن فرینکلن) اگر ہم اپنی ہی حکومت پر تنقید نہیں کرسکتے تو پھر یہ حکومت ہماری کیسے ہوگئی؟ (مائیکل ٹمپلٹ) جو تم کہہ رہے ہو میں اس سے اتفاق نہیں کرتا، لیکن میں تمہارے اظہارِ رائے کی آزادی کا مرتے دم تک دفاع کروں گا (والٹیئر) نیند ایسا واحد وقت ہوتا ہے، جب انسان کو حقیقی آزادی نصیب ہوتی ہے، کیونکہ نیند میں خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہوتی، آزادی کیلئے لڑتے ہوئے مرنا، زنجیروں میں زندہ رہنے سے بہتر ہے (گلوریا سٹینم) تم مجھ پر اپنی لائبریری کے درازے تو بند کرسکتے ہیں، لیکن ایسا کوئی گیٹ، کوئی تالہ اور کوئی کنڈی نہیں، جس سے تم میرے سوچ کو بند کرسکو(ورجینیا وولف) میں کوئی پرندہ نہیں کہ مجھے پھندے یا جال میں پھنسایا جاسکے، میں آزاد روح کے ساتھ ایک آزاد انسان ہوں (شارلیٹ برونٹی) آج بھی سب سے بہادری اور حوصلے والا کام اپنے بارے میں بلند آواز میں سوچنا ہے (کوکو شینل)کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ایمسٹرڈم گناہوں کا شہر ہے، لیکن حقیقت میں یہ آزادی کا شہر ہے اور آزادی میںاکثر بہت سے لوگ گناہگار بن جاتے ہیں (جون گرین) جنگ میں امن ہے، آزادی میں غلامی ہے اور جہالت میں طاقت ہے (جارج آرویل) حقیقی آزادی آپ کو اپنی مرضی سے زندہ رہنے کے حق کی آزادی ہے (جم موریسن) جب کسی شخص سے اس کی مرضی کی زندگی جینے کا حق چھین لیا جائے، تو اس کے پاس مجرم بننے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ جاتا (نیلسن منڈیلا) جو لوگ تھوڑی سی حفاظت یا سہولت کے بدلے ضروری آزادی ترک کرنے پر آمادہ ہوجائیں، وہ نہ آزادی کے مستحق ہیں اور نہ ہی سہولت کے لائق ہوتے ہیں (بنجمن فرینکلن) آزادی دراصل آپ کی بہادری اور جرات میں مضمر ہوتی ہے (رابرٹ فراسٹ) جب آپ کے پاس کھونے کو کچھ نہ رہے تو پھر آپ مکمل آزاد ہوجاتے ہیں (پالو کوایلو) آزاد ہونا ایک بات ہے، لیکن اس آزادی کا تحفظ الگ بات ہے (ٹونی موریسن) بے چینی دراصل آزادی کے خاتمے کا دوسرا نام ہے (سورن کیکے گارڈ)
سچائی آپ کو آزاد کردے گی اور آپ کی موت تک آپ کے ساتھ رہے گی (مے ویسٹ) لوگ اظہارِ رائے کی آزادی مانگتے ہیں تاکہ وہ آزادی سے سوچ سکیں، لیکن آزادی سے سوچنے کے حق کا استعمال وہ کبھی کبھار ہی کرتے ہیں (سورن کیکے گارڈ) جو لوگ دوسروں سے آزادی چھینتے ہیں، ان کی اپنی آزادی بھی قائم نہیں رہتی (ابراہم لنکن)
قارئین محترم!مشاہیر ، فلسفیوں اور ذرخیز ذہنوں میں جنم لینے والی یہ سنہری باتیں آزادی سے سوچنے کی ہی مرہون منت ہیں۔ آپ آزادی سے سوچیں گے تومسائل کا حل نکلنا شروع ہوجائے گا، الجھنیں ختم ہونا شروع ہوجائیں گی، پریشانیاں گھٹنا شروع ہوجائیں گی اور آپ خود کو ہلکامحسوس کرنے لگیں گے۔ اس یوم آزادی پر اپنی اس آزادی کا استعمال کرنے کا ارادہ تو کریں، پھر دیکھیں کہ کس طرح آپ کی سوچ کے گرد لگائے گئے کنٹینر ایک ایک کرکے ہٹنا شروع کردیں گے اور کس طرح تمام راہیں کھلنا شروع ہوجائیں گی اور کس طرح اللہ تعالی آپ کیلئے آسانیاں پیدا کردے گا۔

ای پیپر دی نیشن