افراتفری کی کوشش ملک کو نقصان پہنچائے گی‘ قوم متحد ہو کر ناکام بنا دے: صدر ممنون

Aug 14, 2014

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+آئی این پی)  صدر مملکت ممنون حسین  نے قوم کو خبر دار کیا ہے کہ  افراتفری کی کوئی بھی کوشش   ملک کو نقصان پہنچائے گی‘ قوم اپنے اتحاد سے ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دے‘وطن عزیز کو اس وقت تحریک پاکستان جیسے اتحاد کی ضرورت ہے، حکومت بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششیں کررہی ہے۔ وہ بدھ کو  شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی پہلی تقریب اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا سرمایہ ہے ‘ ملک و قوم کو اپنے نوجوانوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں‘طلباء  اپنے  والدین اور اساتذہ کا دل و جان سے احترام کریں اور وہ اسی طرح عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ صدر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ امانت اور دیانت کے سنہرے اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنائیں‘ وہ کسی شارٹ کٹ کو اختیار کرنے کی بجائے اپنی محنت سے نتائج حاصل کرنے کو زیادہ  ترجیح دیں۔ صدر نے کہا کہ کرپشن نے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور آج پاکستان جن مسائل سے دوچار ہے اس کی  سب سے بڑی وجہ بدعنوانی ہے۔ صد رنے طلباء  سے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور حصہ لینے کا ابھی سے عزم کریں اور اپنے اپنے شعبے میں کامیابیوں کے حصول کے لئے اپنی منصوبہ بندی کریں۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔  حکومت کی طرف سے ملکی ترقی کے لئے جو نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں ان میں  اقتصادی راہداری کا منصوبہ انتہائی اہم ہے جس کی تکمیل کے بعد پاکستان سمیت خطے میں معاشی انقلاب آجائے گا۔  صدر نے طلباء پر خاص طور پر  اپنے  اساتذہ اور والدین کے احترام کیلئے زور دیا اور وہ اس  کی تلقین کرتے ہوئے آبدیدہ بھی  ہوگئے۔

مزیدخبریں