غیر آئینی اقدام اٹھانے جارہے ہیں نہ ٹیکنوکریٹس کی حکومت چاہئے: محمود الرشید، عارف علوی

Aug 14, 2014

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے رہنماؤں میاں محمود الرشید اور عارف علوی نے کہاہے کہ جاویدہاشمی ناراض تھے اورنہ ہی تحریک انصاف کوئی غیرآئینی قدم اٹھانے جارہی ہے، ہمیں ٹیکنوکریٹس کی حکومت نہیں چاہئے۔ ملتان میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے محمودالرشیدنے کہاہے کہ جاویدہاشمی کے تحفظات دور کرلئے اب وہ ناراض نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہم جمہوری نظام کومضبوط کرناچاہتے ہیں۔قبل ازیں لاہور میں جاری ہونے والے بیان میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش کے بعد ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں میں اضافہ ہو گیااور پنجاب میں عملاً کرفیو لگادیا گیا، تمام تر حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود آج لاکھوں کارکن عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد پہنچیں گے اور راستے میں آنی والی ہر رکاوٹ کو تہس نہس کر دینگے، دوسروں کو آئین، قانون اور عدلیہ کے احترام کا درس دینے والے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنوں کی اندھا دھند گرفتاریاں کررہے ہیں اور راستوں کو صاف کرنے کی بجائے مزید کنٹینر کھڑے کر کے شہریوں کو انکے گھروں میں محصورکر رہے ہیں، تمام تر حکومتی مظالم کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنوں کا مورال بلند ہے۔ دریں اثنااپوزیشن لیڈر پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں صدر گوگیرہ میں فاقوں سے مجبور باپ کی پانچ بچوں سمیت خودکشی کے افسوسناک واقعہ پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار بھی جمع کرائی۔

مزیدخبریں