جمہوریت پر منڈلاتے خطرات پر نظر رکھی جائے: زرداری، مشرف، حافظ سعید

Aug 14, 2014

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ سپیشل رپورٹ+ ایجنسیاں) 68 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، سابق آرمی چیف اور سابق صدر پرویز مشرف، امیر جماعۃ الدعوۃ  پروفیسر حافظ محمد سعید نے اپنے الگ الگ پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت پر منڈلاتے خطرات پر نظر رکھی جائے، ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم متحد ہو کر جمہوریت کی حفاظت کرینگے، قوم متحد ہوجائے۔ آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج اس موقع پر ہمیں ان اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہئے جن کیلئے آج سے 67 سال پہلے یہ ملک وجود میں آیا تھا تاہم آج یوم آزادی کی تقریبات پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ہمیں جمہوریت دشمنوں کے مذموم عزائم سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ یہ جمہوریت دشمن اچانک ہی متحرک ہوگئے ہیں۔ یہ لوگ جو خود کو عوام کا نجات دہندہ کہتے ہیں، اپنا سر ایک مرتبہ پھر اٹھا رہے ہیں اور انکے ذہن میں صرف ایک مقصد ہے کہ وہ جمہوریت کو تہہ کردیں۔ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان خدائے رب ذوالجلال کی وہ عظیم نعمت ہے جس کی تقدیس و حفاظت ہم سب پر فرض ہے‘ افواج پاکستان نے ہمیشہ دیانتداری و فرض شناسی سے اس عظیم ترین فریضے کی ادائیگی میں بیش بہا قربانیاں دیکر وطن عزیز کو مستحکم و محفوظ بنایا ہے مگر استحکام پاکستان و خوشحالی وطن کیلئے قومی اتحاد و یگانگت اور محبت و اخوت بھی ناگزیر ہے اسلئے آج جشن آزادی مناتے ہوئے اس عہد کی تجدید بھی ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے من حیث القوم متحد و مجتہد ہوکر ترقی و استحکام پاکستان کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہوں۔ امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ ملک لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر اور لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا تھا۔ مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم کو چاہئے کہ وہ ہر قسم کے اختلافات بھلا کر اپنی آزادی کی فکر کرے اور اللہ سے کئے عہد پورے کئے جائیں۔ کلمہ طیبہ والا پاکستان ہی کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی ضمانت ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے  یوم آزادی پر پاکستانی  عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں  برطانوی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنا یوم آزادی منا رہی ہے جو کہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان آج بین الاقوامی برادری میں ایک قابل احترام ملک ہے۔ برطانیہ پاکستان میں امن جمہوریت اور آئینی ارتقاء کا بہت بڑا حامی ہے۔ برطانیہ پاکستان کو ایک مستحکم جمہوریت بنانے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں