وفاقی حکومت کا ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ‘ وزیراعظم کا پیغام پہنچایا

لندن (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) وفاقی حکومت نے لندن میں ایم کیو ایم کی قیادت سے گذشتہ روز رابطہ کیا اور وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔ ایم کیو ایم کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزادی مارچ کے راستوں میں رکاوٹیں ہٹانے پر ایم کیو ایم کی قیادت کو اعتماد میں لیا۔ ایم کیو ایم نے وزیراعظم‘ چودھری نثار‘ وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان اور وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد  الطاف حسین نے لانگ مارچ کے دوران کنٹینرز اور رکاوٹیں ختم کرنے کے حکومتی فیصلے پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ وفاقی کابینہ کے ارکان خصوصاً وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے جمہوریت کا پاس رکھا اور کنٹینرز اور رکاوٹیں ہٹا کر لانگ مارچ کی اجازت دی۔ الطاف حسین نے کہاکہ خدا کا شکر ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے مارچ کے دوران تصادم‘ تشدد اور قتل و غارتگری کا خطرہ ٹل گیا۔ انہوں نے کہاکہ میں لانگ مارچ کرنے والی جماعتوں سے ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں کہ وہ یوم آزادی کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے اپنے مارچ کو مکمل طور پر پرامن رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انکے مارچ کے دوران شہریوں کا کوئی جانی ومالی نقصان نہ ہو، کسی قسم کی کوئی توڑ پھوڑ نہ ہو‘ کوئی دیواراورکوئی گملہ تک نہ ٹوٹے۔ الطاف نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کا یوم آزادی جوش وخروش سے منائیں لیکن اس خوشی میں حسب توفیق صدقہ دیں اورغریبوں کو کھانا کھلائیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...