پاکستان نعمت‘ حکمران زحمت بن چکے‘ عمران: ملک کو انتہا پسندی سے بچائیں گے‘ زرداری

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) سیاسی اور مذہبی رہنمائوں نے آج یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ آج ہمیں جمہوریت کی حفاظت اور ملک کو ایک جدید، متحرک اور ترقی پسند بنانے کا عہد کرنا چاہئے ہم کسی کو بھی ملک کے مفادات کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے آج سب کو ملک سے ناانصافی، غربت، جہالت اور تعصب سے آزادی کا عہد کرنا چاہیے۔ قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کیلئے تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، (ق) لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، مونس الٰہی، پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور دیگر نے یوم آزادی کے حوالے سے اپنے الگ الگ پیغام میں کیا۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک نعمت مگر حکمران عوام کیلئے زحمت بن چکے ہیں، درست قیادت مل جائے تو ملک انتہائی کم مدت میں ترقی کی منازل طے کرلے گا، روایتی سیاست و ظالمانہ اقتدار کے خلاف جاری فیصلہ کن جدوجہد منطقی انجام تک پہنچنے والی ہے، عوام تحریک انصاف کے قافلے کا حصہ بننے اور تبدیلی کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ پاکستان برصغیر میں قائداعظمؒ کی قیادت میں مسلمانان پاک و ہندکی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے جس کے قیام کا مقصد اقوام عالم میں ایسی مملکت کا قیام تھا جہاں صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست قائم کی جا سکے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اعتدال اور انصاف پر مبنی سماج قائم کیا جا سکے۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ایک خوشی کا موقع ہے اور آج ہمیںخود کو ان اصولوں کے لئے وقف کرنے کا عہد کرنا چاہیے جن کیلئے یہ ملک بنایا گیا تھا۔ ہمیں اس موقع پر ان اصولوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کا عہد بھی کرنا چاہیے۔ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اجتماعی طور پر ہم پاکستان کو عسکریت اور انتہاپسندی سے بچائیں گے جن کی وجہ سے ملک کو بقاء کا مسئلہ درپیش ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپیل کرتے ہیں کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے منطق اور حب الوطنی کا ذریعہ اپنائیں گے نہ کہ اپنے مفادات کو ترجیح دیں گے۔ ہم خود کو ان جمہوری روایات کیلئے وقف کر دیں گے جن کیلئے پاکستان وجود میں آیا تھا۔ ہم ان لوگوں کو مسترد کر دیں گے جو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے استحصال اور امتیاز سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے قومی یکجہتی پر زور دیا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن قوم کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے حقیقی فلسفے کی روشنی میں آزادی کا جشن منانا چاہیے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نظریے کی محافظ اور وارث ہونے کے ناطے پیپلزپارٹی نے آغاز سے ہی جمہوری جدوجہدکی توسط سے حاصل ہونے والے ملک میںحقیقی طور آزاد اور جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کی ہے۔ شجاعت حسین نے کہا کہ تحریک پاکستان والے جذبہ کی آج جس قدر ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی، ہمارے بزرگوں نے محمد علی جناح کی عظیم قیادت میں رنگ، نسل، علاقے اور فرقہ سے بالاتر ہوکر برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ خطہ کے قیام کیلئے جدوجہد کی اور بیش بہا قربانیوں کے بعد یہ اسلامی مملکت قائم کی لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ہم آج تک اسے ایک اسلامی فلاحی ملک نہیں بنا سکے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کی داخلی سلامتی اور بیرونی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان غریب عوام نے بنایا اور یہ غریب عوام ہی اسے خوشحال قوموں کی صف میں کھڑا کریں گے۔ قائداعظم کے پاکستان میں چوروں، لٹیروں کے گنتی کے دن باقی رہ گئے، بہت جلد حقیقی جمہوریت کا سورج طلوع ہو گا اور ملک و قوم کو لوٹنے والے عبرتناک انجام سے دو چار ہوں گے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اس ویژن کے ساتھ پاکستان بنایا تھا کہ کوئی طاقتور کسی کمزور کا استحصال نہیں کر سکے گا اور رنگ نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر ہر شہری کو برابر حقوق میسر ہوں گے مگر کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والے چند کھرب پتی خاندانوں نے کروڑوں عوام کو یرغمال اور انہیں تعلیم، صحت ،انصاف ،روزگار کے حق سے محروم کررکھا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہم 69ویں یوم آزادی پر تجدید عہد اور عزم نو کا اظہار کرتے ہیں کہ پاکستان کے اسلامی کردار، نظریاتی تشخص اور اسلامی نظام پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کی خفاظت کیلئے دینی قوتیں متحد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ کہ مدارس کے خلاف کارروائی اس انداز میں کی جارہی ہے جیسے مساجد و مدارس ہی دہشت گردی کے مرکز ہیں، معلومات کے حصول کیلئے انتہائی توہین آمیز اور غلط طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے۔ حکومت مدارس کے خلاف کارروائی کا سلسلہ فوری بند کرے۔ علاوہ ازیں صدر پیپلزپارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں قائداعظم کے پاکستان کو ذوالفقار علی بھٹو کی ویژن کے مطابق ایک مکمل جمہوری مملکت کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھے گی جہاں پر تمام پاکستانیوں کو بلاامتیاز تمام حقوق حاصل ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن آج عہد تجدید کرتے ہیں کہ وہ جمہوریت کے جھنڈے کو کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سینٹ و امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، قوم اسلاف کی قربانیوں کا پاس رکھتے ہوئے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کی جدوجہ کا حصہ بنے۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والوں کی قربانیوں احترام کرنا چاہئے۔ یوم آزادی پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ تمام قومیتوں، نسلی و لسانی اکائیوں، فقہوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام کو ان کے جائز حقوق دئیے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن