لوڈشیڈنگ جاری، قصور میں مظاہرہ : پنجاب بھر میں پمپوں پر گیس کی سپلائی غیر معینہ مدت کیلئے بند

لاہور (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، کاروبار بھی شدید متاثر ہوئے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی جبکہ سوئی ناردرن حکام نے گیس کی کمی کے باعث پنجاب بھر میں سی این جی گیس پمپوں کی سپلائی غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی ہے۔ قصور میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے نعرے بازی کی اور 7 گھنٹے تک سڑک بلاک رکھی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت پانی و بجلی اور تقسیم کارکمپنیوں کی جانب سے بہتر لوڈ مینجمنٹ نہ ہونے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے آئی پی پیز کی ادائیگیوں کا شیڈول بھی متاثر ہو رہا ہے نندی پور پاور پراجیکٹ ایک بار پھر بند ہو گیا ہے جبکہ منگلاڈیم سے آدھی جنریشن نیشنل گرڈ کو دی جا رہی ہے۔ ملک میں شدید حبس کے باعث صارفین کی طرف سے بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ کر 21 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت تقریباً 14 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ریجنل کنٹرول سنٹر کا نظام نیشنل پاور کنٹرول سنٹر نے سنبھال لیا ہے۔ لیسکو کے کسی بھی علاقے میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی کسی علاقے میں ڈیڑھ گھنٹے مسلسل اور کسی جگہ2 سے ڈھائی گھنٹے تک مسلسل بجلی بند کی جا رہی ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف گزشتہ روز کچہری روڈ کے پاس لاہور روڈ پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور دو گھنٹے روڈ کو بلاک رکھا۔ شہر میں 12 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ بجلی کی آنکھ مچولی نے کاروبار تباہ کر دئیے۔ شہریوں نے واپڈا کی سب ڈویژنوں کے باہر اور مین لاہور روڈ بند کر کے احتجاج کیا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی شدید مذمت کی۔ علاوہ ازیں سوئی ناردرن حکام نے گیس کی کمی کے باعث پنجاب بھر سے سی این جی گیس پمپوں کی سپلائی غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی ہے۔ اس بارے میں ترجمان سوئی گیس کا کہنا ہے کہ گیس آر ایل این جی کی سپلائی میں کمی کے باعث پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشن کی گیس منقطع کر دی گئی ہے۔ کامونکے اور سادھوکے سے نامہ نگاران کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور لوگ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے واپڈا حکام سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کر جانے سے شہریوں کے لئے رات کے وقت آرام کرنا بھی محال ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...