جمہوری ملک بنانے کا عہد کیا جائے‘ زرداری‘ بلاول : وطن کا تحفظ فرض ہے‘ سراج الحق

Aug 14, 2016

لاہور/کراچی/ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر‘ +سٹاف رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 14اگست کو ”یوم آزادی“ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور ہر پاکستانی شہری پر زور دیا ہے کہ وہ بانیان پاکستان کے اعلیٰ خوابوں کی تکمیل کے لیے ایک متحد قومی طاقت کے لیے کام کریں، یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ اور ان کی عفریت صفت باقیات اور ان کی پیدا کردہ انتہاپسندی، دہشتگردی، فرقہ واریت اور نسلی امتیاز نے اس قوم کو بڑا نقصان دیاہے۔ پیپلزپارٹی نظریہ پاکستان کی مشعل بردار ہے۔ ایک دوسرے پر الزام بازی اور نفرت بازی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے آج ہم کوئٹہ میں دہشت گردی کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ آئیں ہم عہد کریں پاکستان کو حقیقی طور پر ایک جدید‘ جمہوری‘ ترقی پسند‘ لبرل ملک بنائیں گے۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے قوم کو یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم 14 اگست کی خوشیوں میں پاکستان کے عظیم بانی رہنماﺅں، اور ان بزرگوں، جوانوں، بہنوں، بیٹیوں اور ماﺅں کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے اپنی عظیم قربانیوں سے ازاد وطن کے اس خواب کو سچ کر دکھایا وہ اس موقع پر ان جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاک وطن کو سرخرو کیا ہے۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں کیلئے پاکستان اللہ تعالیٰ کابہت بڑا انعام ہے۔ اس کے تحفظ اور استحکام کویقینی بنانا ہم سب کا فرض ہے ۔بھارت کی پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ یوم آزادی ہمیں اس عہد کی تکمیل کا پیغام دیتا ہے جو برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں نے قیام پاکستان کے وقت اپنے اللہ سے باندھا تھا۔ ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کی شناخت ہے ہم سب کا فرض ہے کہ مادرِ وطن کا حق ادا کریں۔ انہوں نے کامیاب ضرب عضب پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ”نیپ“ پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیلئے حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے مشترکہ پیغام میں کہا ہے 14اگست 1947کو ہمارے بڑوں نے اپنا خون دیا تھا، آج ہمارے بچے قربان ہورہے ہیں ،یوم آزادی کے دن زخموں سے چورمگرمسکراتی ہوئی قوم کے بلند حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں،آج عہد کریں کہ پاک دھرتی پر چھائے کالے بادل ہٹا کردم لیں گے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے یوم آزادی کے موقع پر کہا کہ قوم69ویں یوم آزادی پر نااہل اور کرپٹ سیاسی ٹولے سے نجات کا عہد کرے۔ ملک دولخت ہونے پر بھی اشرافیہ نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔ قائداعظمؒ کے پاکستان میں قائد کی رہائش گاہ بھی محفوظ نہیں رہی۔ نااہلی اور کرپشن نے دہشتگردی کو جنم دیا۔ نااہل سیاسی کرپٹ ٹولے اور معاشی دہشتگردوں کو عبرتناک سزائیں دئیے بغیر ملک پاﺅں پر کھڑا ہوگا اور نہ دہشتگردی ختم ہوگی۔
بلاول/ سراج الحق/ پیغامات

مزیدخبریں