جہلم+ دینہ (نامہ نگاران) سامعہ شاہد کے پہلے شوہر چودھری شکیل نے سامعہ کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ سامعہ میری بیوی تھی غیرت کے نام پر دوپٹے سے گلا دبا کر قتل کیا۔ ملزم چودھری شکیل نے پولیس کو بیان میں اعتراف کیا۔ عدالت نے سامعہ کے والد شاہد اور ملزم چودھری شکیل کو 4 روز ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیل کے مطابق منگلا پولیس نے مقتول سامعہ کے قتل کے الزام میں والد شاہد اور پہلے شوہر چودھری شکیل کو گرفتار کر لیا اور ریمانڈ کے لے سول جج مہرین سیاب عباسی کی عدالت میں پیش کیا تو عدالت نے دونوں ملزمان کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مرکزی ملزم چودھری شکیل نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بیان دیا کہ سامعہ میری بیوی تھی میں نے اسے طلاق نہیں دی لیکن اس کا چال چلن ٹھیک نہیں تھا میں اسے منع کرتا تھا مگر وہ باز نہ آئی تو میں غیرت میں آکر اسے گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔ قبل ازیں ایڈیشنل سیشن جج جہلم سجاد افضل کی عدالت میں ملزم شکیل کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا جس پر ملزم شکیل نے پولیس کو گرفتاری دیدی۔ 28 سالہ سامعہ برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں مقیم تھی اور اپنے گھر والوں سے ملنے پاکستانی آمد کے بعد 20 جولائی کو اسکی نعش تھانہ منگلا کی حدود میں واقع گاﺅں پنڈوری سے ملی تھی۔
سامعہ قتل
سامعہ کو غیرت کے نام پر دوپٹے سے گلا دبا کر قتل کیا: پہلے شوہر کا اعتراف
Aug 14, 2016