اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان بار کونسل نے کوئٹہ دھماکے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے 19 اگست تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس میں ناکام ہوئیں تو 22 اگست کو پارلیمنٹ کے سامنے تمام وکلا تنظیمیں احتجاج کریں گی۔ پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں سیاستدانوں اور حکومتی ترجمانوں کی بیان بازی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی، صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئے ہیں اور اب بیان بازی اور الزام تراشی کے ذریعے کوئٹہ سانحے سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، اگر کوئٹہ دھماکے میں ملوث عناصر جمعہ تک گرفتار نہ ہوئے تو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔ قرارداد میں چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ دھماکے پر ازخود نوٹس لے کر کیس کی سماعت کی جائے اور وکلا کو سیکیورٹی دینے کے لیے سیکیورٹی اداروں کو پابند بنایا جائے۔پاکستان بار کونسل متاثرین کے لیے اپنے فنڈ سے 2 کروڑ روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا۔
پاکستان بار
کوئٹہ دھماکہ‘ ملزم گرفتار نہ ہوئے تو 22اگست کو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرینگے: پاکستان بار
Aug 14, 2016