مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ مخالفین کو میاں نوازشریف کے تاریخی عوامی استقبال کے بعد اپنا انتشاری ایجنڈا بدل لینا چاہئے۔ پاپولر عوامی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانے کی تمام تر سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ نااہلی کے فیصلہ نے 20 کروڑ پاکستانیوں کے دل زخمی ہوئے ہیں۔ رانا فارم ہاﺅس پر اپنے پولیٹکل سیکرٹری ملک ندیم چوہان کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری چار سالہ حکومتی کارکردگی عوام کے سامنے عیاں ہے، اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، ہر طرف مایوسی کے سائے منڈلا رہے تھے، نواز شریف نے تمام مخالفین کی اوچھی سیاست کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا، ملکی مفاد کو ترجیح دیکر عسکری قیادت کے اشتراک سے دہشت گردی کے ناسور کو کراچی سے ختم کیا۔ بدامنی کی صورتحال کو سنبھالا دیا۔ سی پیک سمیت انرجی کے میگا پراجیکس کے منصوبوں کی بنیاد رکھی، سکینڈل فری حکومتی ماحول متعارف کروایا اور ملک کو معاشی ترقی کی پٹڑی کی طرف لے جا رہے تھے کہ منتخب عوامی وزیراعظم میاں نواز شریف کو ناکردہ گناہ کی سزا دیکر نااہل کر کے گھر بھیج دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ ان کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف دن رات عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی۔
رانا تنویر