اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جمعیت علماءاسلام (س)کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے اےک بےان مےں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے انقلابی نعروں پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ نواز شریف نے خود اپنے پچھلے دور وزارت میں ملک میں اصلاح اور انقلاب کے راستے بند کردئےے تھے،آ ج انہیں انقلاب یاد آگیا ہے جبکہ ہم نے سینٹ سے شریعت بل پاس کرا کر ملک میں انقلابی راستہ کھول دیا تھا۔ اس کامقصد ملک کے سیاسی، عدالتی اور معاشی نظام کوتبدیل کرنا تھا، اس کے پاس کرانے کےلئے سالہا سال طویل جدوجہد کی گئی۔ ملک بھر میں دھرنے لانگ مارچ سیمینار اورجلسے ہوتے رہے،استصواب رائے کیلئے بل مشتہر کرنے پر بیس پچیس لاکھ محضرنامے ا س کے حق میں جمع کئے گئے، پارلیمنٹ کی موجودہ بلڈنگ کے سامنے متحدہ شریعت محاذ کے صدر مولانا عبدالحق مرحوم کی قیادت میں لاکھوں افراد نے دھرنا دیا، بالآخر طویل جدوجہد کے بعد سینٹ سے متفقہ طورپر منظور کرایا بل کا بنیادی نقطہ یہ تھا کہ قرآن وسنت کو ہر دستور اور قانون پر بالادستی ہوگی اور اللہ تعالیٰ کی حاکمیت مطلق کو ساورنٹی حاصل ہوگئی اورملک کے ہر اہم ادارے کواس کے ماتحت کرنا ہوگا، یہ پاس کردہ بل جب اس وقت کے قومی اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیا گیاتو نواز شریف نے اس بل کو اسوقت کے وزیراعظم نواز شریف کے اس کافرانہ شرط سے مشروط کردیا کہ بل اس شرط پر نافذ ہوگا کہ ملک کا موجودہ سیاسی معاشی اور عدالتی نظام متاثر نہ ہو، اس طرح بڑی ڈھٹائی سے اللہ تعالیٰ کی حاکمیت اور قرآن وسنت کی بالادستی کا راستہ روکدیا گیا۔
سمیع الحق