شاہد خاقان سے چینی نائب وزیراعظم کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق، معاہدوں پر دستخط

Aug 14, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی دلچسپی کے تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی نائب وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا پاکستان اور چین سدا بہار دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہیں۔ پاک چین دوطرفہ تعلقات آزمودہ ہیں اور ہمارے تعلقات سی پیک کے بعد نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں جو خطہ اور اس کے باہر تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے وزیراعظم کو پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی اور زور دیا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور چین ”مضبوط بھائی چارگی“ جیسے سٹریٹجک تعلقات اور چین کی پاکستان کیلئے بھرپور حمایت کا مظہر ہے۔ انہوں نے چین کے بنیادی اہمیت کے ایشوز پر مسلسل تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے تمام ایشوز پر تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم اور چینی نائب وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے توانائی، انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ چینی نائب وزیراعظم کی معاونت پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ اور دیگر سینئر حکام نے کی۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر سینئر افسران بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی نائب وزیراعظم اور ان کی قیادت میں آئے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔
وزیراعظم/ملاقات

مزیدخبریں