اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ نے 70ویں یوم آزادی پر سرخرو کے عنوان سے نئے ملی نغمے کی ویڈیو جاری کی ہے۔ پاک فضائیہ کی جانب سے 14اگست کو فاطمہ جناح پارک F-9 اسلام آباد اور سی ویو کراچی کے مقام پر ائرشو بھی منعقد کئے جائیں گے۔ پاک فضائیہ کے علاوہ ترک فضائیہ کی مشہور زمانہ ائیرو بیٹکس ٹیم سولو ترک اور سعودی فضائیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ائیرو بیٹکس ٹیم سعودی ہاکس کی شمولیت نے اس شو کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ ان دو برادر اسلامی ممالک کی ٹیموں کے علاوہ اس شو میں فخر پاکستان JF-17 تھنڈر بھی کرتب دکھائے گا۔ اس شو کی ایک خاص بات تینوں افواج کے سپیشل سروسز گروپ کی ٹیموں کے فری فال جمپس کا دلفریب مگر پرخطر مظاہرہ بھی ہے جبکہ آئی ایس پی آر نے بھی جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمہ ”اے وطن تیرا بھلا ہو“ جاری کر دیا۔ یہ نغمہ شفقت امانت علی کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔
”سرخرو“/ ملی نغمہ
”سرخرو“، ”اے وطن تیرا بھلا ہو“ فضائیہ اور آئی ایس پی آر نے ملی نغمے جاری کر دیئے
Aug 14, 2017