کراچی( اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عوم کے لئے حقیقی آزادی کا دن وہ ہوتا جب اس ملک کے عوام طبقاتی نظام سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے سیاسی ، سماجی اور معاشی طور پر مساویانہ زندگی بسر کرنے کیلئے خود مختارہوں گے اور انہیں ریاست کے تمام وسائل پر مکمل طور پر دسترس حاصل ہوگی۔ یوم آزادی پر اپنے پیغام میں غنویٰ بھٹو نے کہ کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا نیا وطن پاکستان حاصل کرنے کا اصل مقصد تھا کہ مسلمانان ہند کے لئے ایک ایسی ریاست ہو جہاں پر بسنے والے تمام مکتب فکر او رہر عقیدے و مذہب کے لوگ بغیر کسی تسلط کے مکمل آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں ۔ غنویٰ بھٹو نے کہاکہ پاکستان کا حکمران طبقہ جس ملک کے وسائل لوٹتے ہوئے غریبوں کا استحصال کررہا ہے اس میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو سمیت کئی وطن پرستوں کا لہو شامل ہے اور پاکستان حاصل کرنے کے لئے ہمارے بڑوں نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں جنہیں ہم کسی قیمت پر رائیگاں نہیں جانے دیں گے غنویٰ بھٹو نے پاکستان کے حقیقی وارث عوام پر زور دیا کہ ملک کو بچانے کے لئے میدان عمل میں آئیں او ر چوروں اور لٹیروں کا احتساب کرکے ملک کی جڑوں کو مضبوط بنائیں۔
حقیقی آزادی لٹیرے حکمرانوںسے نجات میں ہے ، غنویٰ بھٹو
Aug 14, 2018