71 واں یوم آزادی آج قومی جوش و جذبے سے منایا جائیگا ‘رات 12 بجتے ہی نوجوان سڑکوں پر آگئے

لاہور/اسلام آباد(خصوصی رپورٹر+سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید کے ساتھ 71 واں یوم آزادی آج قومی و ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جائیگا۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی، دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہو گا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائیگی۔ صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور 9 بجے وفاقی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی ۔ لاہور میں مزار اقبال پر مختلف تنظیمیں حاضر ی دیں گی جبکہ پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی منعقد ہوں گی۔ اس موقع پر تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اس کے علاوہ بلند و بالا و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔دریں اثناءبیرون ملک پاکستانی مشنز میں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا انعقاد ہو گا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا جائیگا اور یوم آزادی کے حوالے سے صدر مملکت اور وزیراعظم کی طرف سے جاری پیغامات پڑھ کر سنائے جائیں گے۔ 8 سے 14 اگست تک منائے جانیوالے ”ہفتہ جشن آزادی کی تقریبات“ کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، تقریری مقابلوں، قرا¿ت اور نعت خوانی کے مقابلوں، مشاعروں اور دیگر خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے جن کا مقصد جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور نوجوان نسل کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت کے مختلف پہلوﺅں اور قیام پاکستان کیلئے انکی غیر متزلزل جدوجہد سے روشناس کرانا ہے۔جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں یوم آزادی 2018ءروایتی جوش و جذبے سے منانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں سمیت تجارتی مراکز میں قومی پرچموں اور بیجز کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ مارکیٹوں میں قومی پرچموں کے رنگوں کے بچوں اور خواتین کے ملبوسات کے ساتھ ساتھ مردوں کی شرٹس کی خرید و فروخت بھی عروج پرہے۔دریں صدر مملکت ممنون حسین نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادر وطن کو ترقی کی معراج تک پہنچانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے اور درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے قومی مقاصد کے بارے میں مکمل یکسوئی اور باہمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق سنواریں اور بالخصوص آئندہ نسلوں کو قومی مقاصد اور اسکے حصول کیلئے کی جانیوالی جدوجہد سے آگاہ کی جائے۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد کے نظریات اور اصولوں کو اپنا ہی ہم چیلنجز پر قابو پانے سمیت پاکستان کو ایک خودمختار اقتصادی طور پر متحرک اور خوشحال ملک بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان خالق کائنات کی طرف سے ایک بہت بڑا انعام ہے۔ ہمیں اس پرمسرت موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقبال کے خواب کی تعبیر، قائد کی جدوجہد اور ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کا انمول تحفہ ہے۔ تحریک پاکستان کی جدوجہد ہمارے بزرگوں کی محنت، بلند حوصلے اور جذبے سے عبارت ہے۔دریں اثنا لاہورکے مختلف علاقوں میں رات بارہ بجے کے بعد نوجوانوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی نوجوان پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے جبکہ مال روڈ پر نوجوانوں کی بڑی تعداد یوم آزادی کی خوشیاں مناتی رہی نوجوانوں قومی پرچم کے رنگ کے شرٹ پہنے جھومتے رہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اہلکاروں کی بڑی تعداد کیساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا۔

یوم آزادی

ای پیپر دی نیشن