ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے اہل، ایماندار قیادت کی ضرورت ہے: طاہر القادری

Aug 14, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کو عظیم اور خوشحال ملک بنانے کیلئے تواتر کیساتھ 3 نصیحتیں کی تھیں۔ اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور یقین محکم پیدا کریں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کرپشن، نااہلی اور بیڈگورننس کی وجہ سے سنگین معاشی بحران میں مبتلا ہے اور معاشی بحران 1947 ء کے موقع پر آزادی کے پہلے سال سے بھی زیادہ سنگین ہو چکا ہے، یہ بحران دھڑا دھڑ سستے یا مہنگے قرضے لینے سے نہیں ہر سطح پر ایماندار اور اہل قیادت لانے سے حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت آزادی کے دو تین سال کے اندر اس قدر مستحکم ہو چکی تھی کہ اس وقت بھارت نے پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے کیلئے اپنی کرنسی ڈی ویلیو کر دی تاکہ پاکستان کی کرنسی بھی اس دبائو پر ڈی ویلیو ہو جائے۔

لیکن بانیان پاکستان کی ایمانداری ،محنت اور اہلیت کی وجہ سے اس وقت کے بھارتی حکمران اپنے ان عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے، آج بھی معاشی بحران سے نکلنے کیلئے اورمعیشت کو مضبوط خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہر سطح پر اہل ،سادگی پسند ،پرعزم اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ نئی منتخب حکومت نے سادگی اختیار کرنے، چھوٹی کابینہ بنانے ،تقرریاں اور تعیناتیاں میرٹ پر کرنے کے جس عزم کا اظہار کیا ہے اگر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد ہو گیا تو پاکستان جلد اپنے پائوں پر کھڑا ہو جائیگا، انہوں نے کہا کہ قوم ذہن نشین کر لے اگر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے تو پھر قائداعظم کے بیان کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔

مزیدخبریں