فیصل آباد(اے پی پی )حکومت پنجاب نے آج منگل کے روز یوم آزادی پرصوبے بھر میں ون ویلنگ اور سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے پر سختی سے پابندی عائد کر دی ہے اور تمام اضلاع کے ریجنل پولیس آفیسرز ، کمشنرز ، سٹی پولیس آفیسرز، رینج ڈی آئی جیز ، ڈی سیز ، ڈی پی اوز کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وہ پولیس اور انتظامی حکام کو ہدائت کریں کہ آج یوم آزادی پر منچلے نوجوانوں سے نمٹنے ، ون ویلنگ اور سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ اس موقع پر معمولی غفلت سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سمیت ماحولیاتی و فضائی آلودگی سے بچائو اور شہریوں کو ہر قسم کی پریشانی سے بچانا ممکن ہو سکے۔ انہوںنے مزید ہدائت کی کہ خلاف ورزی کے مرتکب نوجوانوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں اور سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔