پاکستان نے ترکی پر امریکی پابندیوں کی مخالفت

Aug 14, 2018

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ترکی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں عائد کرنا کسی مسئلہ کا حل نہیں۔ کسی تنازعہ کی صورت میں باہمی مفاہمت، خیر سگالی اور بات چیت کی بنیاد پر حل نکالنا چاہئے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس ملک کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے ترکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا تاہم باور کیا جاتا ہے کہ امریکہ نے ترکی کی مصنوعات کی درآمد پر جو پابندیاں عائد کی ہیں پاکستان کا اظہار یکجتہی اسی سلسلہ میں ہے۔ کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہئے جس کے نتیجہ میں امن و سلامتی کے استحکام کو نقصان پہنچے اور درپیش مسئلہ پہلے سے بھی زیادہ پیچیدہ ہو جائے۔ پاکستان کے نزدیک ترکی نہ صرف عالمی برادری کا اہم رکن ہے بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے استحکام میں اس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

مزیدخبریں