اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں انتخابی عذرداری کی مختلف درخواستوں پر سماعت فاضل عدالت سندھ سے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشست پر کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔عدالت نے پی ایس 48میرپور خاص سے پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار سید ذوالفقار علی شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا ہے ، عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا حکم امتناعی بھی معطل کردیا ہے ، واضح رہے کہ کامیاب امیدوار سید ذوالفقار علی شاہ کے خلاف مخالف امیدوار جی ڈی اے کے علی نواز سیال نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے رکھی تھی،عدالت نے این اے 215سانگھڑ 1سے پیپلز پارٹی کے نوید ڈیرو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا بھی حکم دیا ، سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے مخالف امیدوار خدابخش راجڑ کے اعترات پر سندھ ہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن روک دیا تھا، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انتخابی عذرداری کی درخواستوں پر سماعت کی ،عدالت نے پی ایس 21گھوٹکی سے کامیاب امیدوار علی نواز مہر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ صنم قتل کیس میں بلوچستان کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو طلب کرکے نوٹس جاری کردیا ہے جبکہ سندھ پولیس کو ایڈووکیٹ صنم کے قاتلوں کوگرفتار کرنے کیلئے 15روز کی مہلت دے دی ہے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نایاب سکندر عمرانی کی درخوست پر سماعت کی ، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں سندھ پولیس نے ابھی تک گرفتار نہیں کیا،کیا سندھ پولیس کی یہی کارکردگی ہے؟ ہم نے سندھ پولیس کو ایک ماہ کا وقت دیا تھا،آئی جی سندھ کو ذاتی طور پر یہ کیس دیکھنے کا حکم دیا تھا،افسوس ہمارے احکامات کے باوجود ابھی تک عمل نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں صنعتی آلودگی سے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس نے کہا کہ پورے ملک میں ماحولیاتی آلودگی ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن دارالحکومت میں صنعتی آلودگی ہمارے لیے زہر ہے۔ بتایا جائے اس کی روک تھام کیلئے اب تک کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔ عدالتی کمیٹی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کوبتایا کہ 6 میں سے 5 صنعتوں نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھا م کیلئے کوئی انتظامات نہیں کیے، جو قابل افسوس ہے جس پرفاضل وکیل نے عدالت سے کہا فیکٹریوں کی جانب سے 2 روز میں آلودگی کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو میں یہ کیس چھوڑ دوں گا۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن(پی بی اے)کے چیئرمین میاں عامر محمود کی سربراہی میں وفد کی چیف جسٹس آف پاکستان، مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار سے سپریم کورٹ اسلام آباد بلڈنگ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق قائم فنڈز اکائونٹ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا گیا۔