ہالینڈ کا رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز اسلام دشمنی میں خطرناک کارروائیاں کر رہا ہے: اشرف جلالی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک اور تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان کرنے والا ہالینڈ کی پارلیمنٹ کا رکن، پارٹی فار فریڈم کا سربراہ گیرٹ ولڈرز سالہا سال سے اسلام دشمنی کی خطرناک کارروائیوں میں ملوث ہے، 2015ء میں ڈنمارک میں بنائے جانے والے گستاخانہ خاکے اس نے ہالینڈ میں ٹی وی چینلوں پر چلوائے، ’’فتنہ‘‘ نامی فلم بنا کر اس نے اسلام کے خلاف زہر اگلا۔ وہ مبینہ طور پر قرآن مجید کے نصف حصے کو دہشت گردی کی کتاب قرار دے کر جلانے کا مطالبہ کر چکا ہے۔ برسراقتدار آنے کی صورت میں ہالینڈ کی 475 مساجد کو بند کرنے کی دھمکی دی اور حجاب کرنے والی خواتین پر ٹیکس اور لائسنس کی پابندی کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں نیدر لینڈ (ہالینڈ) میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے ردعمل میں امت مسلمہ کی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں پیر خرم ریاض شاہ رضوی، مفتی عابد جلالی، پیر شفیق کیلانی، پیر امین اللہ نبیل سیالوی، غازی احمد شیر نیازی، پیر اقبال ہمدمی، صاحبزادہ سردار احمد رضا فاروقی، علامہ فرمان جلالی، صاحبزادہ مرتضی ہاشمی، میجر (ر) ظہیر، مبشر ہجویری ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔ سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ مساجد بنانے پر پابندی لگانا، قرآن کی نشرواشاعت اور خریدوفروخت پر پابندی لگانا، اسلام کی تبلیغ پر پابندی لگانا اس کی پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے ۔ وہ واضح طور پر یہ اشتعال انگیز بیان دے چکا ہے کہ میری نفرت مسلمانوں سے نہیں اسلام سے ہے، صہیونی یہودیوں کے ایجنڈے پر کام کرنے والا یہ شخص امنِ عالم کے لئے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ 12جون سے اس کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان عالم اسلام کے خلاف مسلسل اعلان جنگ ہے، یہ سب کچھ نیدر لینڈ (ہالینڈ) کی حکومت کی سرپرستی میں ہو رہا ہے۔ ہالینڈ کی حکومت اپنی پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلہ کی شکل میں دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ حضرت محمدؐ کی اعلانیہ توہین سے بھڑکنے والی آگ کو کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہو گا۔ ہمارا مطالبہ ہے نیدر لینڈ (ہالینڈ) کی حکومت 10نومبر 2018ء کو وہاں کی پارلیمنٹ میں ہونے والے اس بہت بڑے فساد کو روکے، گیرٹ ولڈرز کو یہ اعلان واپس لینے پر مجبور کرے، مسلمانوں کے مقدس جذبات پر حملہ کرنے کی وجہ سے اسے گرفتار کرے، ہم یہ یادداشت نیدر لینڈ (ہالینڈ) کے سفارت خانے، اقوام متحدہ، دفتر خارجہ اور جی ایچ کیو میں جمع کرا رہے ہیں۔ اگر 24ستمبر تک ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہم اسلام آباد میں واقع نیدر لینڈ (ہالینڈ) کی ایمبیسی کے محاصرہ کے لئے دھرنا دیں گے۔ اسی سلسلہ میں ہم 14اگست کو جشن آزادی کے ساتھ ساتھ تحفظ ناموس رسالت کے طور پر منائیں گے اور شالیمار چوک سے واہگہ بارڈر تک تاریخ ساز تحریک لبیک جشن آزادی مارچ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں لاہور پریس کلب میں نیدر لینڈ (ہالینڈ) میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے ردعمل میںامت مسلمہ کی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پیر خرم ریاض رضوی، مفتی عابد جلالی، پیر شفیق کیلانی، پیر امین نبیل سیالوی،غازی احمدشیرنیازی، پیر اقبال ہمدمی، صاحبزادہ سردار احمد رضا فاروقی،علامہ فرمان جلالی، صاحبزادہ مرتضی ہاشمی، میجر(ر) ظہیر، مبشرہجویری ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن