راولپنڈی(جنرل رپورٹر)راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور البائراک کے ساتھ ملکر شہری بھی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے صفائی کیلئے بھرپور تعاون کریں۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان نے عید سے ایک روز قبل شہر میں صفائی اور سکیورٹی کے ایشوز کے حوالے سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہیڈ آفس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ،پولیس،ٹی ایم اے،واسا،آر ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے،سینئر مینیجر آپریشنز راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر حامد اقبال نے صوبائی وزیر کو عید الاضحی صفائی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی،پولیس و دیگر اداروں نے بھی عید الاضحی اور یوم آزادی کے حوالے انتظامات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا،صوبائی وزیر نے کہا کہ خلق خدا اور عوام کی خدمت کر نی ہے،عید الاضحی پر صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،انہوں نے کہا آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے کنٹرول روم کے شکایات نمبرز کی کیبل ،ایف ایم ،بنیرز کے زریعے خوب تشہیر کی جائے،تاکہ لوگوں کو پتہ ہو کہ صفائی کیلئے کس سے رابطہ کر نا ہے،آلائشیں ڈالنے کیلئے ویسٹ بیگز کی شہریوں میں تقسیم یقینی بنایاجائے،بعدازاں فیاض الحسن چوہان نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہیڈ آفس کے باہرلگائے گئے صفائی آگاہی کیمپ میں عید الاضحی پرقربانی کے جانوروں کی آلائشیں ڈالنے کیلئے شہریوں میں ویسٹ بیگزبھی تقسیم کئے،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ و دیگر اعلیٰ افسران انکے ہمراہ تھے۔