راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لال حویلی میں یوم آزادی و یوم یکجہتی کشمیر پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی نے قتل و غارت اور بابری مسجد پر حملے سے سیاست کی ابتداء کی مودی نے کشمیریوں پر زندگی تنگ کی تو پورے ہندوستان پر زندگی تنگ ہو جائے گی۔ کشمیر جیسا ظلم آسام میں بھی ہو سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم برپا ہے۔ 15 اگست کو ہندوستان کا یوم سیاہ منانے لندن جا رہا ہوں۔ کشمیری 72 سال سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بی جے پی کے ممبران میں ایک بھی مسلمان نہیں۔ بھارت کے اقدامات پر آوازیں بھارت کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔ آج وزیراعظم عمران خان مظفر آباد جائیں گے۔ پورے پاکستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ہو گا۔ دریں اثناء ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے ایم ایل ون ٹریک بچھا کر مسافروں کی تیز ترین سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلویز کا ٹریک 1861ء میں بچھایا گیا تھا جو ٹرینوں کی تاخیر کا سبب بنتا ہے۔ سابق حکومت نے ٹریک پر توجہ نہیں دی جس سے بعض علاقوں میں حادثات ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے اچھی بوگیوں اور انجنوں کی خریداری پر توجہ نہیں دی۔ ریلوے کی بہتری کا کریڈٹ وزارت کو جاتا ہے جس کے اقدامات گزشتہ ایک سال کے دوران 10 ارب روپے منافع کمایا گیا ہے۔