کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا:عثمان بزدار

 لاہور14اگست:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حضوری باغ میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے بعدمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری قوم کومبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازااورپاکستان میں رب ذوالجلال کی عطا کردہ ہر نعمت فراوانی سے موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ یوم آزادی اس لحاظ سے بے حد اہمیت کا حامل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و استبداد انتہا کو پہنچ چکے ہیں اور جموں و کشمیر کی الگ حیثیت ختم کرکے مودی سرکار اپنی ہٹ دھرمی کا انمٹ ثبوت دے چکی ہے۔ہم آج یوم آزادی کو اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی لازوال تحریک سے منسوب کرتے ہیں۔کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتااورمیں اس موقع پر قائداعظمؒ کے یہ الفاظ کو دہراتا ہوں کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے“۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے تحریک پاکستان کے جذبے کی ضرورت ہے۔ 7 194 ء کے بعد قوم آج پھر اسی آزمائش سے گزر رہی ہے۔ ہمیں آج پھر اپنے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا ہوگا۔ یوم آزادی کی خوشیاں منانے کیساتھ ہمیں ان تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگاجووطن عزیز کی طرف سے ہم پر واجب الادا ہیں۔ ہمیں اچھے شہری اور اچھے پاکستانی بننا ہوگا اور اس کیلئے تمام تر قوانین کی پابندی کو شعار بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قیام پاکستان کو 7 دہائیاں گزر چکی ہیں۔ قوم ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔ہماری فوج کے افسر اور جوان سرحدوں پر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ہماری پولیس کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم میں داد شجاعت پا رہے ہیں۔ یوم آزادی کے اس تاریخی موقع پر پاک فوج کی عظیم الشان کاوشوں اور بے مثال قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پاک فوج نے مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے عظیم قربانیوں کی تاریخ لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔  کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم کیساتھ ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لہرائے جارہے ہیں۔میری اپیل ہے کہ پنجاب کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار محبت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دنیا کو بتا دیں کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور کشمیر آج بھی ہمارا ہے۔کشمیری عوام کے ساتھ تھے،ہیں اوررہیں گے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں قائدؒاوراقبالؒ کے تصورات کی طرح طاقتور اورکمزور کے لئے برابر ی کا تصور لانا چاہتے ہیں۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کامکروہ فعل بند کرے۔گجرات کا قصائی نریندرمودی مقبوضہ کشمیر کا قصاب بن چکا ہے۔یوم آزادی پر کشمیریوں سے جدوجہدآزادی میں بھر پور معاونت کا عہد کرتے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی لاہور/کمشنرآصف بلال لودھی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیااوراہل لاہورکی طرف سے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔تقریب میں صوبائی وزراء،ارکان اسمبلی،ایران و چین کے قونصل جنرل،چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری انفارمیشن،اعلی سول و عسکری افسران،سکولوں کے طلباء وطالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے آج یوم آزادی کے موقع پرشاہی قلعہ کے عالمگیری گیٹ پر پرچم کشائی کی۔پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے حضوری باغ میں مزار اقبال ؒ پر حاضری دی اورمزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔  وزیراعلیٰ اور گورنر نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ اور گورنرنے ملک کی سا  لمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ اور گورنر نے شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ اورگورنر نے سکاؤٹس کے ساتھ ملکرپاکستان اورکشمیر کے پرچم لہرائے۔ وزیراعلیٰ اورگورنر نے سکول کی طالبات کے بینڈ سے ملی نغموں کی دھنیں سنیں۔

ای پیپر دی نیشن