لاہور:رات 12 بجتے ہی منچلے سڑکوں پر امڈ آئے ،ون ویلنگ ،لڑائی جھگڑے، 23زخمی

Aug 14, 2020

لاہور(نامہ نگار) لاہور میں گزشتہ رات 12 بجتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کے لئے سڑکوں پر امڈآئی۔سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجائی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار منچلے شہر بھر میں گشت کرتے نظر آئے۔نوجوان گاڑیوں میں اونچی آواز میں ملی نغمے و گانے لگا کر رقص اور غل غپاڑہ کرتے رہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔متعددنوجوان قومی پرچم کے رنگ کی شرٹ پہنے اور چہرے پر قومی پرچم کی فیس پینٹنگ کر کے جھومتے رہے۔آتش بازی کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس اور منچلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ون ویلنگ اور لڑائی جھگڑے کے دوران 23 افرا زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے جبکہ متعدد منچلے ویلر پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔جنہیں مختلف تھانوں کی حوالات میں بند کر دیا گیا۔ منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں کے سائلنسر نکال کر ٹولیوں کی صورت میں کینال روڈ، مال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، ڈیفنس،اقبال ٹاؤن،جیل روڈ، جوہر ٹاؤن،ملتان روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ون ویلنگ اور کرتب دکھاتے رہے۔مال روڈ،ڈیفنس، کینٹ، اقبال ٹاؤن، فیروز پور روڈ، جیل روڈ اور دیگر پوش علاقوں میں فیملیز سے بھی منچلے نوجوان چھیڑ خانی کرتے رہے۔ اس دوران لڑائی جھگڑے کے بھی متعدد واقعات رونما ہوئے۔ شہر کی اہم شہروں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں اور ٹریفک جام ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔پولیس نے اہم شاہراہوں پر لوہے کے بیرئیرز لگا کر ملحقہ راستے اور کٹ بند کر دئیے تھے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑ سکے۔پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کیساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیاتھا۔

مزیدخبریں