اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں یوم آزادی کے موقع پر سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نے قوم سے ملک کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرنے کی اپیل کی ۔سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نے متفقہ طور پر یوم آزادی کے حوالے سے قرارداد منظورکرلی ۔قرارداد چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے پیش کی۔ رحمن ملک نے کہاکہ سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ 14 اگست کے مقدس دن پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے عظیم قائد قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری الفاظ ایمان ‘اتحاد‘ تنظیم کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ قائد اعظم و انکے رفقاء کو برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک خودمختار ریاست کے قیام پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دو قومی نظریہ دینے پر قائداعظم کی غیر معمولی دانشمندی اور دور اندیشی کی بے حد تعریف کرتے ہیں۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ اس وقت بھارت و کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دو قومی نظریہ سو فیصد درست ثابت ہورہی ہے، ہندتوا اور آر ایس ایس بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں پر ہر ظلم روا رکھے ہیں، سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئیے ایک وقار اور آزاد قوم کی حیثیت سے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی خدمت کا عزم کریں۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے یوم آزادی کے حوالے سے قرارداد منظور کرلی
Aug 14, 2020