ملک کی بقاء ،سلامتی اور خودمختاری کے لئے معاشی ترقی نا گزیر ہے ‘ ہمایوں اختر خان 

Aug 14, 2020

اسلام آباد( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء ،سلامتی اور خودمختاری کیلئے معاشی ترقی نا گزیر ہے اور موجودہ حکومت اسی جانب گامزن ہے ، پاکستانی قوم یوم آزادی کے موقع پر اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوںکو ہرگز نہیں بھولے گی اور ان سے اظہار یکجہتی کر کے ثابت کرینگے ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے اور اب ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کی جانب سفر کو تیز کرنا ہے اور اس کیلئے پوری قو م کو وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور دنیا بھر میں ان کے موقف کو پذیرائی ملی ہے ۔ بھارت نے بوکھلاہٹ میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام اٹھایا جو اس کے اپنے گلے پڑچکا ہے اور اب کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں نمایاں حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانیوںنے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ پاکستان اور کشمیر میں بسنے والے ایک جسم کی مانند ہیںاور کشمیریوں کے جسم پر آنے والے زخموںکا درد پاکستانی بھی محسوس کرتے ہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو جس قدر اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی اس لئے اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی کاز کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ چلے ۔ 

مزیدخبریں