نئی دہلی، سرینگر (کے پی آئی، آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں یوم آزادی پاکستان کے پوسٹرز لگنے کے بعد پابندیاں سخت کر دی گئیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس، حریت رہنمائوں اور دیگر جماعتوں نے 14 اگست کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام سے بھارت کے یوم آزادی 15 اگست کو ہمیشہ کی طرح یوم سیاہ کے طور پر منانے اور اس دن وادی میں مکمل ہڑتال کی اپیل بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے یوم آزادی کو وادی میں یوم تشکر کے طور پر منایا جائے۔ نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی تقریبات کی کامیابی کے لیے لاک ڈاون سخت اور شہریوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ بھارتی حکام کو خطرہ ہے کہ نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی تقریبات پر حریت پسند حملہ کر سکتے ہیں۔ شیرکشمیر سٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد سٹیڈیم جموں کے علاقوں کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ شیر کشمیر سٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد سٹیڈیم میں نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی مرکزی تقریب ہوگی۔ کے پی آئی کے مطابق سری نگر شہر میں داخل ہونے والے شہریوں، گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے جبکہ جھیل ڈل کے ہائوس بوٹوں کی تلا شی لی گئی۔ جبکہ اہم پلوں کو بھی خاردار تاروں سے یک طرفہ بند رکھا گیا ہے۔ شہر میں ناکہ بندی، چیکنگ عمل میں تیزی لائی گئی اور خفیہ کیمروں کے ذریعے شہریوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان قصبے میں ماورائے عدالت3 شہریوں کے قتل کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کرائی جائے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے شوپیاں قصبے میں ماورائے عدالت3 شہریوں کے قتل پر اپنے ردعمل میں جاری بیان میں کہا کہ 18 جولائی 2020 کو ہندوستانی فوج نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں شوپیاں کے بالائی علاقوں میں تین حریت پسند مارے گئے، تاہم مزید تفصیلات کا ظاہر نہیں کی گئیں، حریت لیڈر اشرف صحرائی سے اہل خانہ کی جیل میں ملاقات نہ ہونے دی۔ بزرگ حریت رہنما علی گیلانی نے یوم آزادی پرپاکستانیوں کو مبارکباد کا پیغام دیتے کہا دعا ہے اسلام کا یہ قلعہ تمام سازشوں کو شکست دیکر چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہو،پاکستان دنی میں مظالم کا شکار مسلمانوں کی طاقت اور امید کا مرکز ہے۔
بھارتی غیر قانونی قبضے والا کشمیر چھائونی میں تبدیل کشمیری آج پاکستان کا یوم آزادی منائیں گے
Aug 14, 2020