اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران جو امداد کی وہ ناقابل فراموش ہے، ٹڈی دل کی صورتحال بھی کنٹرول میں ہے، اب تشویش کی کوئی بات نہیں۔ وہ جمعرات کو یہاں چین کی طرف ایک ہزار بائی پیپ ونٹیلیٹرز دیئے جانے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے، گزشتہ چار ماہ سے اس دوستی کا ایک نیا روپ سامنے آیا ہے، پاکستان میں چینی سفیر کے ساتھ ہر میٹنگ میں تعاون بڑھتا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران جو امداد کی وہ ناقابل فراموش ہے، ہمیں چین کی جانب سے لوکسٹ کے لئے 50 سپرئیر یونٹس بھی مہیا کیے گئے ہیں، پاکستان میں لوکسٹ کی صورتحال کنٹرول میں ہے اب تشویش کی کوئی بات نہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسزکم ہو گئے ہیں، وبا ابھی ختم نہیں ہوئی، عوام احتیاطی تدابیر کو نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کراچی کے ڈرینز پر کام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، پیر سے اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جینگ نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا دیگر دنیا کی طرح پاکستان اور چین کے لئے بھی بڑا چیلنج ہے، پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے چین کی اس معاملے میں سب سے پہلے مدد کی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے چین کی حکومت اور عوام کی مدد کے لیے سب سے پہلے اعلان کیا، چینی حکومت اور عوام وزیراعظم پاکستان پاکستانی بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں، چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی کوششوں کی وجہ سے کووڈ۔19 کی صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملی، یہ ایک معجزہ ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے کووڈ۔19 پر اتنی جلدی قابو پایا، ہر بچے اور اس کے والدین کے لیے اس طرح کی صورتحال سے نمٹنا مشکل ہے، انہوں نے کہا کہ کل پاکستان میں جشن آزادی کا دن ہے، پاکستان کے ساتھ تعلق مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے،اسی طرح پاکستان اور چین کی دوستی میں بھی مزید مضبوطی آرہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی حکومت نے اس وبا پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔