پشاور بی آرٹی کا افتتاح : منصوبے پر تحفظات تھے، ہم غلط خٹک درست ثابت ہوئے: عمران

Aug 14, 2020

اسلام آباد‘ پشاور  (وقائع نگار خصوصی‘  نمائندہ  خصوصی ) وزیر اعظم عمران خان نے پشاور میں بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آر ٹی کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں ہوگا۔ عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ  بی آر ٹی پر پہلے ہمیں بھی تحفظات تھے لیکن  پرویز خٹک درست ثابت ہوئے، وہ کہتے تھے کہ جب بی آر ٹی بن جائے تو پھر دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں پشاور بی آر ٹی منصوبے پر ہمارے تحفظات تھے، پرویز خٹک پشاور بی آر ٹی منصوبے پر  پراعتماد تھے، پرویز خٹک ٹھیک تھے اور ہم غلط تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔ ہائبرڈ بسوں سے آلودگی میں کمی ہوگی۔ میں کے پی کے حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں۔ بی آر ٹی کا کرایہ 10 روپے سے 50 روپے تک ہر فرد براشت کرسکتا ہے۔ طلبہ کے لیے بھی بی آر ٹی کے ٹکٹس رکھیں۔  بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ سارے ہسپتال بھی منسلک ہیں۔  بی آر ٹی سے بہترین سفری سہولت ملی ہے، اس سے خوشحالی آئے گی۔ عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس منصوبے میں ماحول دوست بسیں استعمال کی جا رہی ہیں جو بجلی اور ڈیزل سے چل سکتی ہیں۔ انہوں نے پشاور بی آر ٹی کو ملک کا سب سے بہتر میٹرو بس منصوبہ بھی قرار دیا۔ وزیر اعظم کو افتتاح سے پہلے منصوبے کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اور وزیر اعظم نے افتتاح کرنے کے بعد بس میں سفر بھی کیا۔71 ارب روپے سے زیادہ لاگت کے اس منصوبے کے تحت 220 بسیں چلائی جائیں گی جس کے ذریعے روزانہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ مسافر مستفید ہوں گے۔ خیبر پی کے کا میگا پراجیکٹ بی آر ٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2017 میں سابق وزیراعلی پرویز خٹک کے دور حکومت میں رکھا گیا جس کی تکمیل کے لیے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم اس دوران کم وبیش 8 مرتبہ منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے ڈیڈ لائنز دی گئیں۔ منصوبے پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا تھا تاہم منصوبے کے ڈیزائن میں نقائص کے باعث اس میں دو درجن سے زائد مرتبہ تبدیلیاں لائی گئیں جس سے اس کی لاگت 71 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی  وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور گورنر سندھ عمران اسمعیل کی ملاقات کی۔ ملاقات میں بارشوں  کے بعد صوبہ  سندھ  کی صورتحال اور خصوصاً کراچی کے معاملات  پر غور کیا گیا۔  وزیرِ اعظم نے کہا کہ کراچی کی عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سیاسی حلقوں میں گورنر سندھ اور وزیر قانون   کی وزیر اعظم  سے ملاقات کو غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔ جس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی برائے بیرون ملک پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، گورنر سٹیٹ بنک، چئیرمین ایف بی آر و دیگر سینئر حکام شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ معروف کاروباری شخصیات عارف حبیب، عقیل کریم ڈھیڈی، محسن شیخانی اور  اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں فراہم کی جانے والی سہولت کاری اور نئے اقدامات، صوبہ بلوچستان میں تعمیرات کے شعبے میں نئے منصوبے، وفاقی دارالحکومت بلیو ایریا میں پلاٹوں کی نیلامی اور دیگر اہم امور پر بریفنگ دی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ضلع خیبر پہنچے۔ انہوں نے شجرکاری مہم کیلئے پودا لگایا۔ وزیر اعظم نے احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجرا کر دیا۔ معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو احساس نشوونما پروگرام پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا بھی آغاز کیا۔ وزیراعظم نے بریفنگ کے دوران ماسک بھی پاکستانی جھنڈے والا پہن رکھا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ تمام تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے، تعمیرات کے شعبہ میں تمام مراحل کی آٹومیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور نظام کو آسان بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے، ایف بی آر کی جانب سے کاروباری برادری کیلئے آسانیاں فراہم کرنا خوش آئند ہے۔
عمران

مزیدخبریں