جشن آزادی کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب حال ہی میں از سر نو تعمیر کئے گئے باب اول پر منعقدہ ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر، صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈینز، صدور شعبہ جات، اساتذہ اور بچوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ آج کا پاکستان ماضی کی نسبت طاقتور ہے اور پاکستان کا مستقبل آج کی نسبت کہیں ذیادہ روشن ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اباو اجداد کے شکر گزار ہیں جنھوں نے ہمیں پاکستان کا تحفہ دینے کے لئے عظیم کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان و مال کا نذرانہ دے کر ملک حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائی اپنی آذادی کے لئے 1947 سے کوششیں کر رہے ہیں اور جلد ہی وہ بھی ظالم اور فاشسٹ بھارت کے قبضے سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک سال سے زائد کرفیو کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے جتنی قربانیاں دیں ہیں اور انہیں جن حالات کا سامنا ہے وہ بتا سکتے ہیں کہ آزادی کی کیا قدر و قیمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں پاکستان نے انتہائی سخت چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور ہماری فوج اور پولیس نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بحرانوں سے کامیابی سے نکلنے پر دنیا اب پاکستان سے سیکھ رہی ہے کہ چیلنجز کا سامنا کیسے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم سب ملکی ترقی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اساتذہ سے درخواست کی کہ وہ ایسے موضوعات پر تحقیق کریں جس سے ملک اور معاشرے کو درپیش مسائل حل ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ذمہ دار شہری پیدا کرنے کے لئے یونیورسٹیوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ پرچم کشائی کے بعد وائس چانسلر نے نیو کیمپس میں ازسر نو تعمیر کئے گئے باب اول کا افتتاح کیا اور چیر کا درخت لگا کر نئی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے اساتذہ کے ہمراہ علامہ اقبال کے مزار کا دورہ کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی پاکستان اور مسلم امت کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔