رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں مزید9 فرموں کو زمین الاٹ کر دی گئی

Aug 14, 2021

  اسلام آباد(  نوائے  وقت رپورٹ)  رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں مزید9 فرموں کو زمین الاٹ کر دی گئی ، 45ایبسولوٹ کنسٹرکشن کمپنی کو 2 ایکڑ، گل سٹیل کو ایک ، واہ نوبل کو 10،  پاک ایشیا آٹوموبائل کمپنی کو 2 اراضی، صادق اینڈ سنز کو 2  ، انٹر لنک کمیونیکیشن کو 2 ، اعتماد آئل اور گھی کمپنی کو 4 ، مقامی ٹریڈ کنسلٹنٹ گولڈ فیدرز کو ایک اور  فائی اورین ٹریڈنگ کو   ایک ایکڑ  کا پلاٹ  الاٹ  کیا گیا  ہے۔ گوادر پرو کے مطابق رشکئی   خصوصی اقتصادی زون  کی ترقی کی طرف اہم پیشرفت ، حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے فلیگ شپ انڈسٹریل اسٹیٹ میں کل 25 ایکڑ اراضی کے لیے 9 سرمایہ کاروں کی درخواستیں  منظور کر لی ہیں۔ کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (KPBOIT) نے کہا ہے کہ  درخواستیں  10 اگست کو اسلام آباد میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے دوران   منظور کی گئیں۔ کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ صوبہ کے پی کے  میں صنعت کاری اور تجارتی صلاحیت کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے۔ کے پی اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کے ترجمان ارباب ہارون کے مطابق رشکئی خصوصی اقتصادی زون  میں درج ذیل فرموں کو زمین دی گئی ہے۔ جیو کریٹ ایبسولوٹ کنسٹرکشن کمپنی کو 2 ایکڑ اراضی دی گئی ہے۔ کمپنی سڑکوں، عمارتوں اور دیگر ڈھانچے کی تعمیر کے لیے زمین کو پائیدار  بنانے  کے لیے ایک کیمیکل تیار کرے گی۔ ایک ایکڑ زمین  گل سٹیل کو دی گئی ہے جو مقامی سطح پر کنسٹرکشن سٹیل تیار کرتی ہے  جبکہ 10 ایکڑ اراضی واہ نوبل کو دی گئی ہے جو ایک کیمیکل تیار کرتی ہے۔ مزید یہ کہ کمیٹی نے 2 ایکڑ اراضی  پاک ایشیا آٹوموبائل کمپنی  کو الاٹ کرنے کی درخواست کی منظوری دے دی جبکہ 2 ایکڑ زمین چمڑے کے دستانے اور دیگر کھیلوں  کا  سامان بنانے وا لے  صادق اینڈ سنز کو الاٹ کر دی  ۔ انٹر لنک کمیونیکیشن کو بھی 2 ایکڑ   جبکہ اعتماد آئل اور گھی کمپنی کو 4 ایکڑ کا  پلاٹ ملا۔ مقامی ٹریڈ کنسلٹنٹ گولڈ فیدرز کو ایک ایکڑ کا  پلاٹ دیا گیا جبکہ فائی اورین ٹریڈنگ کو بھی ایک ایکڑ پلاٹ ملا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا (کے پی) محمود خان نے حکام کو ہدایت  کی تھی کہ رشکئی  خصوصی اقتصادی  زون میں صنعتی پلاٹوں کے لیے درخواستوں کی تشخیص کا عمل تیز کیا جائے۔ اب تک صرف چینی سٹیل بنانے والی کمپنی، سینچری اسٹیل نے   رشکئی  خصوصی اقتصادی  زون  میں 40 ایکڑ  کے پلاٹ پر تعمیراتی کام شروع کیا ہے۔

مزیدخبریں