لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں ایک شخص قتل جبکہ گروہی تصادم میں نوجوان ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق شہر کے تھانہ سول لائین کی حدود میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بوتل اور جوس کے دکاندار تنویر علی راجپوت کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر مقتول کی نعش تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے بعد چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی نعش ورثہ کے حوالے کردی گئی، پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے تنویر احمد کو قتل کردیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود میں بروہی اور جسکانی برادری کے دو گروپوں میں گلی کے تنازعہ پر جھگڑا ہوا جہاں لاٹھیوں اور اینٹوں کے حملے سے 17 سالہ نوجوان سمیر بروہی شدید زخمی ہوئے جس کو تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج نوجوان زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا جبکہ ورثاء کی جانب سے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سبحان اللہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جہاں انہوں نے شدید نعریبازی بھی کی جبکہ دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل رہی۔