لاہور ( نیوز رپورٹر) پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کو ایک بار پھر حکومت پنجاب کے ترجمان کی اضافی ذمہ داری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے منظوری دیدی۔ جبکہ حکومت پنجاب کے پہلے سے کام کرنے والے تمام ترجمان فارغ کر دیئے گئے۔ تمام ترجمانوں کو عہدوں سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق حکومت پنجاب کے واحد ترجمان فیاض الحسن چوہان ہوں گے۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف کے 30 سے زائد رہنماؤں کو ترجمان حکومت پنجاب مقرر کیا گیا تھا اور ترجمانوں میں ارکان اسمبلی اورصوبائی وزرا بھی شامل تھے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھاکہ پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا ترجمانوں سے متعلق گزشتہ تمام احکامات منسوخ کردیے ہیں اور اب سے کوئی بھی ترجمان پنجاب حکومت کا ٹائٹل استعمال نہیں کرے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس پر پورا اتروں گا۔ تین سالوں میں پنجاب حکومت کی جو کارکردگی رہی اس کو سامنے لاؤں گا۔ پنجاب حکومت نے تین سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے۔
فیاض چوہان ترجمان پنجاب حکومت بھی مقرر‘ باقی فارغ
Aug 14, 2021