ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ بیٹنگ پاکستانی ٹیم کیلئے دردِسر بن گئی

کراچی(یواین پی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بیٹنگ پاکستانی ٹیم کیلیے دردِسر بن گئی جب کہ محمد رضوان اور بابر اعظم کے سواکسی کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز اکتوبر میں ہونا ہے مگر ابھی تک پاکستانی بیٹنگ لائن ہی سیٹ نہیں ہو سکی۔ رواں برس 14 مکمل میچز میں محمد رضوان 94 کی اوسط سے 752 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہیں جب کہ بابر اعظم نے37 کی ایوریج سے 523رنز بنائے۔حیران کن طور پر دیگر کسی بیٹسمین نے مجموعی طور پر200 رنز بھی اسکورنہیں کیے، فخرزمان 20 کی اوسط سے 183 جبکہ محمد حفیظ 11 کی ایوریج سے 106 رنز ہی بنا سکے،شرجیل خان، حیدر علی اور صہیب مقصود سمیت کسی بیٹسمین کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، رضوان اور بابر نے ایک، ایک سنچری جبکہ بالترتیب 7 اور4 ففٹیز بنائیں، ان دونوں کے سوا واحد ففٹی فخرزمان نے بنائی۔رضوان اور بابر نے 10 میچز میں اوپننگ کی اور 2 سنچری جبکہ ایک ففٹی شراکت قائم کی، رضوان کا 3 میچز میں بطور اوپنر شرجیل اور ایک میں حیدر علی نے ساتھ دیا۔ حیران کن طور پر دونوں ٹاپ پرفارمرز کو ہی اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ زیادہ بالز کھیل کر دیگر بیٹسمینوں کو دبائوکا شکار کر دیتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ قومی ٹیم میں بھی یہی تاثر پایا جاتا ہے، بعض پلیئرز نے مینجمنٹ سے اس پر بات بھی کی،ایک مڈل آرڈر بیٹسمین نے ضد کر کے اپنا نمبر تبدیل کرایا، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں مینجمنٹ کا محمد رضوان کے ساتھ بطور اوپنر شرجیل خان کو آزمانے کا ارادہ تھا مگر بارش کے سبب صرف ایک ہی میچ ہو سکا، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے سیریز میں بھی اسی پلیئر سے چند میچز میں اننگز کا آغاز کرایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن