لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 75 سال پہلے ہمارے آباو¿ اجداد نے قربانیاں دے کر وطن حاصل کیا۔ قائد اعظم، علامہ اقبال اور سر سید کی انقلابی سوچ کی بدولت ہمیں آزادی نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آباو¿ اجداد کی قربانیوں کے نتیجے میں ہم پاکستان میں پر وقار زندگی جی رہے ہیں۔ گورے انگریزوں کی غلامی سے نکل کر قوم سیاسی کالے انگریزوں کی غلامی میں آ گئی اور آج سیاسی کالے انگریز ہمارے اوپر مسلط ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ انجمن غلامانِ امریکہ آج آزاد خارجہ پالیسی تک نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے کہا سلطان مفرور الدین سب اداروں کو چونا لگا کر یہاں سے بھاگ گیا مگر شہباز گل کے اہل وعیال کو گرفتار کیا گیا ہے اور عمرو عیار کو کوئی نہیں پوچھتا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی بدمعاشی، فرعونیت اور یزیدیت سے پی ٹی آئی کے قائدین کو نہیں ڈرایا دھمکایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ میں ہمت ہے تو فی الفور الیکشن کرائیں۔ عطا تارڑ کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹو تارڑ اتنا دلیر ہے تو اپنے گھر کا ایڈریس بتائے۔
فیاض چوہان