راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر کہتا ہوں پاکستان کی سالمیت کو خطرات ہیں۔ پاکستان کو اندر سے خطرات ہیں باہر سے نہیں، 13جماعتوں کے اکٹھا ہونے کا ایک ہی مقصد ہے کہ سامراج کی غلامی کی جائے، ان کی کوشش ہے پاکستان کو اندر سے کمزور کر دیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کی رات لال حویلی کے سامنے پاکستان کے 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر بڑے جلسہ اور آتشبازی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوروں کو بھگانا ہو گا۔ پوری کوششیں کر کے عوام کی عزت کو عمران خان سے مل کر بحال کرنا ہے اب الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔ اگر غریب عوام نے فیصلے اپنے ہاتھوں میں لئے تو زرداری نواز شریف تمہارے لئے زمین تنگ ہو جائے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ 9 قومی نشستوں پر عمران خان انہیں روند ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئے یا نہ آئے اب کوئی فرق نہیں پڑتا، انتقامی سیاست جمہوریت کو خوفناک انجام پر پہنچائے گی۔ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے سے کچھ حاصل نہ ہو گا، سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 10کروڑ لوگ غربت اور مہنگائی کے شکنجے میں ہیں۔
شیخ رشید
ملک کے اندر سے پاکستان کی سالمیت کو خطرات ہیں: شیخ رشید
Aug 14, 2022