لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف کے جلسے کے حوالے سے پنجاب ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے تاریخی جلسے میں عوام کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے سفر میں پاکستان تحریکِ انصاف اور میڈیا گزشتہ 26 سال سے ساتھ ہیں۔ آج میڈیا بھی عوام اور حکومت کے ساتھ 75 واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے اس موقع یہ بھی کہا کہ آج ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک قوم بن کر دکھانا ہے۔ ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہے کہ ہم نے کیا کھویا اور اسکی کیا وجوہات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام انسانی اور قدرتی وسائل ہونے کے باوجود پاکستان آگے کیوں نہ بڑھ سکا۔ پاکستان محنت کش، ذہین اور محب وطن لوگوں کا ملک ہے۔ پی ڈی ایم ٹولہ کئی دہائیوں سے ملک پر مسلط ہے۔ 2006 میں انہوں نے چارٹر آف ڈیموکریسی سائن کر کے ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیا، لیکن اپنے ادوار میں یہ جماعتیں عوامی فلاح کی ایک پالیسی ترتیب نہ دے سکیں۔ مشیرِ اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ ہمارے دور میں معاشی اشارے تمام چیلنجز کے باوجود مثبت سمت میں آگے بڑھے۔
عمر سرفراز چیمہ
ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک قوم بن کر دکھانا ہے:عمر سرفراز چیمہ
Aug 14, 2022