نئی دہلی نے کشمیریوں کا پیدائشی حق‘ خودارادیت مسلسل دبا رکھا ہے: حریت کانفرنس‘ پولیس کی بھاری نفری تعینات‘ وادی کو چھاﺅنی میں بدل دیا


 سری نگر،مظفر آباد ، اسلام آباد(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کااعلان کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ اس روز مکمل ہڑتال اور سول کرفیو کریں تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ نئی دلی نے کشمیریوں کا پیدائشی حق ،خود ارادیت مسلسل دبارکھا ہے اور وہ یہ حق مانگے کی پاداش میں کشمیریوں پر ظلم و ستم جاری رکھے ہوئے ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کے عوام اپنے وطن پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے 15 اگست کو مکمل ہڑتال اور سول کرفیو کریں گے۔دوسری جانب نام نہاد بھارتی یوم آزادی کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوجی چھاﺅنی میں بدل دیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شمال و جنوب میں بالخصوص سرینگر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور نیم دستوں کی بھاری تعداد میں تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔بھارتی یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں تمام سرکاری عمارتوں پر بھارتی جھنڈے لہرانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن اورکل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماﺅ محترمہ فریدہ بہن جی نے یوم آزادی پر حکومت اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدو ں کا مرکز ہے پاکستان کی مضبوطی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے ۔
کشمیر

ای پیپر دی نیشن