لاہور (نیوز رپورٹر) پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آخری ہچکولے کھا رہی ہے۔ سازشیں بے نقاب ہوں گی، کسی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں فیصلے عوام کریں۔ ہماری تحریک فیصلہ کن مرحلے میں ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے حقیقی آزادی کا پاکستان دیکھنا ہے اور ملک کے ہر حصے میں لوگ دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستان متحد ہے جبکہ عوام اور فوج کے بہادر سپوت ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔
اسد عمر
عمران خان کی گیٹ نمبر 7 سے انٹری، میٹروبس فری شٹل کا انتظام، عارضی ہسپتال، سیلفیاں، بھنگڑے
جلسہ کی جھلکیاں
لاہور (محمدعلی جٹ ،ساجدچوہدری،میاں علی افضل) پی ٹی آئی جلسے میں پارٹی کارکنوں اور قیاد ت کی آمد کا سلسلہ صبح تقریباساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا ، جلسے سے قبل پی ٹی آئی رہنماﺅں میں یاسمین راشد ،اسد عمر ،شبلی فراز ،عمر ایوب ،فیاض الحسن چوہان ،حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال،عمرسرفراز چیمہ نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ جبکہ عندلیب عباس پورادن کارکنوں اور پارٹی رہنماﺅں کےساتھ رابطے میں رہیں۔چیئر مین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر رہنماﺅں کےلئے سٹیج گیٹ نمبر سات منظور الحسن انکلوژر پر لگایاگیا ۔داخلے کے لیے مجموعی طور پر آٹھ گیٹ استعمال کیے گئے ۔خواتین ، فیملیز کے بیٹھنے اور داخلہ الگ دروازے سے کیا گیا، مرد حضرات اور جنرل پبلک الگ راستے سے جلسہ گاہ داخل ہوئے، جلسہ گاہ کے اندر عوام کو براہِ راست جلسہ دکھانے کے لیے بڑی سکرینز بھی نصب کی گئیں ۔ڈی سی لاہور عمرشیر چٹھہ نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کیا اورانتظامات چیک کیے۔ اس موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی ،واسا ،سول ڈیفنس ،ایم سی ایل ،ریسکیوسمیت پولیس ملازمین کی ایک بڑی تعدا د ہاکی سٹیڈیم میں موجود تھی۔ٹینس کمپلیکس کےساتھ 20 بیڈز پر مشتمل ایک ایمرجنسی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے کے لیے فری شٹل سروس کا بھی انتظام کیاگیا۔ پارکنگ کا انتظام لبرٹی گول چکر اور بوائز ہائی سکول گلبرگ کے پاس کیا گیا ،لوگوں کی بڑی تعداد میٹرو بس کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچی ۔ نوجوان آپس میں گروپ فوٹو اور سلفیاں بھی بناتے اور ان تصویروں کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے رہے ۔پی ٹی آئی انتظامیہ کے مطابق ہاکی گراﺅنڈ میں تقریبا ایک لاکھ افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیاگیاتھا ،جس کے لیے ذرائع کے مطابق تقریبا پانچ ہزار کے قریب کرسیاں لگائی گئیں۔پارٹی ترانے مسلسل چلائے گئے جس سے نوجوان پرجوش اور بھنگڑے ڈالتے رہے۔ جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد سٹیڈیم پہنچ گئی اور آٹھ بجے تک آدھا سٹیڈیم کارکنوں سے بھر چکا تھا ۔پی ٹی آئی کے گز شتہ روز ہونے والے جلسے سے قبل جلسہ گاہ کے باہر سٹال موجود تھے، تاہم عمران خان کے تصویر والے بیجز کی فروخت سب سے زیادہ رہی ۔نوجوان پارٹی پرچموں کیساتھ ساتھ قومی پرچم بھی لہراتے نظر آئے جبکہ سٹیڈیم کے اندر چاروں اطراف 75 سالہ جشن آزادی اور عمران خان کے بینرز کی بڑی تعداد آویزاں کی گئی۔
جھلکیاں