کراچی (نیوز رپورٹر)سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم) پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے اہلیانِ وطن کو قیام پاکستان/ آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی آزادی کا صرف دن ہی شایانِ شان طریقے سے نہیں منائیں بلکہ اس آزادی کا پاس بھی کریں اور اسکا پورا حق بھی ادا کریں۔ قیام پاکستان آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنی زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کی رفتار کو اتنا تیز کریں تاکہ پوری دنیا میں سر اٹھا کر چل سکیں، اغیار کے آگے کسی پاکستانی کا سر ناجھکے نا پاکستانی قوم کو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے پڑیں۔ آزادی کا پاس کرنے اور اسکا حق ادا کرنے کیلئے یہ بھی لازم ہے کہ ہم تحریک قیام پاکستان کی لازوال جدوجہد کرنے والوں/ بیس لاکھ جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا اور ملک کی خاطر اپنا گھر بار اور سب کچھ لٹانے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد کریں اور انہیں بھی زبردست خراج عقیدت و سلام تحسین پیش کریں۔ ہمیں یہ بھی طے کرنا ہے کہ اب ہمیں ایک پاکستانی قوم اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہے۔ اور کراچی جو کہ ملک کی معیشت کا مرکز اور ترقی کا انجن ہے اور یہی وہ واحد شہر ہے جہاں پاکستان کی تمام لسانی اور علاقائی اکائیاں موجود ہیں لہذا اہلیانِ کراچی خاص طور پر یہ عہد کریں کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی بنیاد ہم ہی رکھیں گے۔ ایک بار پھر دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے 75 ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ڈاکٹر فاروق ستار
اب پاکستانی قوم کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا‘ ڈاکٹر فاروق ستار
Aug 14, 2022