پنگریو (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ضلع بدین کے لیے مقرر کئے گئے ریلیف انچارج ارباب لطف اللہ کی زیرِ صدارت رین ایمرجنسی کے دوران متعلقہ اداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی پیش رفت رپورٹ اور درپیش مسائل کے ضمن میں ایک اجلاس دربار ہال بدین میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ارباب لطف اللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے رین ایمرجنسی کے ضمن میں کیے گئے اقدامات تعریف کے لائق ہیں کیونکہ اس سال تعلقہ بدین میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی زمہ داری کا احساس ہونا چاہیے کیونکہ ہمارے فیصلوں پر عوام کی جمع پونجی اور انسانی جانوں کا انحصار ہوتا ہے لہذا ہمیں دل میں خوف خدا رکھتے ہوئے لوگوں کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرنا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پمپنگ اسٹیشنز کی مشینوں کو فعال حالت میں رکھا جائے اور ورکنگ کے دوران اگر کوئی ڈی واٹرنگ مشین خراب ہوئی ہے تو اسے فوری طور پر ٹھیک کروا لیا جائے اور ہر یونین کونسلز کم از کم ایک نئی ڈی واٹرنگ مشین خریدیں کیونکہ ابھی مزید بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے آفیسر کو ہدایت کی کہ پورے ڈسٹرکٹ میں مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے فوری طور پر فیومگیشن اسپرے کروایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ کتا مار مہم بھی شروع کی جائے۔ ا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہ نواز خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بدین میں اس سال سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں لیکن اس ضمن میں پہلے سے ہی تیاریاں شروع کردی گئی تھی، نالوں کی ڈی سلٹنگ اور ڈسپوزلوں پر اور ڈی واٹرنگ مشینوں کی فعالیت کو یقینی بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے بدین کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔ اس موقع پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، بلدیاتی اداروں ، محکمہ لائیو اسٹاک ،صحت ،ڈرینج ، ایریگیشن ، حیسکو و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بریفننگ دیتے ہوئے فیلڈ میں موجود درپیش مسائل سے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی تاج محمد ملاح اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی رمضان چانڈیو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر میں آسمانی بجلی اور سیلابی صورتحال کے باعث جابحق ہونے والے 4 افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے دس دس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔
ارباب لطف اللہ