اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کرتے ہوئے پوری قوم پرزور دیا ہے کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرے، خداوند کریم ہمارے ملک پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیں مل کر کام کرنے کا جذبہ عطا فرمائے، ہم سب مل کر پیار اور محبت سے رہیں۔ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد کے بشپ اور پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس کے صدر ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خصوصی پیغام میں جڑواں شہروں کے رہائشیوں اور پوری پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ہم ملک بھر میں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منا رہے ہیں جن کے ذریعے ہماری شناخت، ثقافت اور خطہ میں اہم جغرافیاتی حیثیت اجاگر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اور روح محبت اورامن سے بھرپور ہیں اور وہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔