اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے، تمام جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے متحد ہوں۔ یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے لیے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی‘ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیکر مضبوط اور مستحکم ملک بنایا تھا جو آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد اور بندھن کا مقدس دستاویز ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو 75 ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق پاکستان کو مساوات پر مبنی ایک رول ماڈل مسلم ریاست بنانے کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا اپنا کردار نبھانا ہوگا۔ 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک کے بانی اجداد کے نظریات و وییژن کی اساس جمہوریت اور مساوات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے قوم کو دیا گیا تحفہ، پہلا متفقہ آئین، بلاشبہ ہمارا قومی لائحہ عمل ہے، جو ہمارے قومی اتحاد، خودمختاری اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر ہمیں یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہئے کہ آج پاکستان کو اندرونی، بیرونی، نظریاتی اور جغرافیائی محاذ پر بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس لیے پوری قوم کو آج جشن آزادی مناتے وقت اس عزم کا عہد کرنا ہوگا کہ اگلے سال 14 اگست کو قوم کو بتا سکیں کہ ہم نے ذاتی طور پر ملک و قوم کیلئے کون سی خدمات انجام دی ہیں۔ اس کا حساب دینا ہو گا، ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ ملک کی معیشت اسی وقت درست ہو گی جب ہم ثابت قدم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے اور طبقے کو عہد کرنا ہو گا کہ وہ اپنی ذاتی سیاست پر ریاست کو فوقیت دے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس بات کا بھی عہد کرنا چاہئے کہ ملک کی سلامتی کیلئے افواج پاکستان جو کام کر رہی ہیں اس میں ہم سب کو ان کا ہاتھ بٹانا ہو گا۔
پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری‘ ذات پر ریاست کو فوقیت: زرداری‘ شجاعت ‘ بلاول کا یوم آزادی پر پیغام
Aug 14, 2022