امریکہ سے دوستی چاہتا ہوں ، غلامی نہیں : عمران خان 

Aug 14, 2022

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ آج آپ کو حقیقی آزادی کا روڈ میپ بتانا ہے جہاں باشعور نوجوان ہوں وہ ملک خوش قسمت ہوتے ہیں۔ قائداعظم نے ہمیں غلامی سے آزادی دلوائی۔ آج ساری قوم کو حقیقی آزادی کا راستہ بتاؤں گا۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ مسلمان ہمیشہ آزادی کی جدوجہد کرتا ہے۔ ایک غلام قوم کبھی اوپر نہیں آ سکتی۔ عمران خان نے کہا کہ ہم اﷲ سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اﷲ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکیں گے۔ غلام صرف اچھے غلام بنتے ہیں ضمیر کا سودا کرنے والے راہ حق سے ہٹ کر جھوٹے خدا کے سامنے جھکتے ہیں۔ آج کل آپ پر خوف طاری کیا جا رہا ہے سب سے بڑا خوف موت کا خوف ہے۔ میرے مخالف 26 سال سے میری کردار کشی کر رہے ہیں۔ ہم ہاتھ پھیلا کر دنیا کے سامنے کیوں پھرتے ہیں۔ غلام ذہنیت قوم کی پرواز کبھی اوپر نہیں ہوتی۔ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں۔ اینٹی امریکن نہیں ہوں لیکن کسی کی غلامی نہیں چاہتا۔ امریکہ سے دوستی چاہتا ہوں، غلامی نہیں چاہتا۔ امریکہ میں سب سے طاقتور پاکستانی کمیونٹی ہے۔ آپ امریکہ کی چمچہ گیری کریں گے تو وہ آپ کی عزت نہیں کریں گے۔ میں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا آپ کو بھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔ سیاست میں آ کر گندے لوگوں سے متھا لگاتا۔ اﷲ سے وعدہ کیا تھا قوم کو کبھی کسی کے آگے جھکنے نہیں دوں گا۔ قوم کو مقروض کرنے کا ذمہ دار کون ہے۔ نواز شریف اوباما کے سامنے گھبرایا ہو ا تھا کہ شکریہ بھی پڑھ کر بولنا پڑا۔ ٹرمپ سے میرے تعلقات اچھے تھے۔ ٹرمپ نے مجھے سب سے زیادہ پروٹوکول دیا تھا۔ میں اینٹی امریکن نہیں لیکن اپنے لوگوں کے مفادات پر کمپرومائز کرنے کیلئے تیار نہیں۔ یہ ہوتے کون ہیں پوچھنے والے کہ روس کیوں گیا کیا میں ان کا غلام ہوں، میں اپنے لوگوں کے فائدے کیلئے روس گیا تھا۔ میں اپنی قوم کو اکٹھا کروں گا ملکر قوم کے قرضے اتاریں گے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس حکومت کو گھر نہیں بھیجتے اور الیکشن نہیں ہوتے۔ عمران خان نے خطاب کرتے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں آج سب سے بہترین یوم آزادی منایا۔ میرا دل کہہ رہا ہے اگلی 14 اگست تک ہم حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے۔ قانون کی حکمرانی کے بغیر لوگ آزاد نہیں ہو سکتے میں آپ کو قوم کے خلاف ہونے والی سازش بتاؤں گا۔ یہ بھی بتاؤں گا کہ اس سازش کو کیسے پاش پاش کرنا ہے۔ ہماری حکومت گرانے والے اب ایک اور سازش کر رہے ہیں انہوں نے میرے خلاف کیسز بنانے کا پلان بنایا ہے سازش کرنے  والے کان کھول کر سن لیں عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرے گا۔ بددیانت الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے ان کی پوری مدد کی۔ کبھی ضمنی انتخابات میں عوام ایسے نہیں نکلی ان کو بری طرح شکست ہوئی۔ مجھے ڈس کوالیفائی کر کے بھگوڑے نواز شریف کو واپس بلانے کی سازش ہے۔ یہ ڈاکو 30 سال سے چوری کر رہا ہے میرا اس کے ساتھ مقابلہ نہ کرو۔ نواز شریف فکر نہ کرو میں تمہارا استقبال کروں گا۔ ستمبر کے آخر میں نواز شریف کو لانے کی کوشش ہے۔ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی سازش بھی چل رہی ہے۔ یہ عدلیہ سے اپنی پسند کے فیصلے کرانا چاہتے ہیں، میں نے عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلے ہفتے راولپنڈی میں جلسہ کروں گا۔ کراچی‘ پشاور‘ مردان‘ اٹک‘ ملتان‘ بہاولپور میں بھی جلسے کروں گا۔  علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو زیادتی کرنے والوں سے بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ رانا ثناء اللہ آپ کے خلاف کیس لا رہے ہیں، آپ جیل جانے والے ہو، آپ کو  پھانسی کی سزا ہوگی۔ ہاکی نیشنل سٹیڈیم میں جلسے  سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شریفوں کے لیے بری خبر ہے کہ عمران خان اور  فوج کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، عمران خان کے ویڑن کو  آگے لے کر چلوں گا۔ ہیلتھ کارڈ کو شہباز شریف کی حکومت نے بند کردیا تھا، ہیلتھ کارڈ کو ایک بار پھر سے پنجاب کے ہر کونے تک پہنچائیں گے۔  ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت میں آتے ہی تاجروں کے لیے  بازار کھول دیے، میرے پاس فارمولا ہے، مہنگائی ختم کردیں گے۔ شریف خاندان پر تنقید کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آپ تو مودی کو بچوں کی شادیوں پر بلارہے تھے، آپ نے اپنی پگ مودی کے سر پر رکھ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سود لعنت ختم کرنے کے لئے قانون لا رہے ہیں جو سود کا کام کرے گا پانچ سال قید ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے لئے بری خبر یہ ہے کہ وہ اختلافات پیدا کرنے میں ناکام ہو گئے۔ عمران خان اور پاک فوج کے درمیان تعلقات بہتر ہو گئے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنے گا کہ دنیا دیکھے گی اور کہے گی کہ عمران خان قائداعظم کے بعد پاکستان کا دوسرا بڑا لیڈر ہے۔ حقیقی آزادی جلسہ میں گلوکار نجم شیراز‘ سلمان اور ابرار الحق شرکاء جلسہ کو گرمانے کے لئے سٹیج پر موجود رہے۔ پارٹی ترانوں پر جلسے میں موجود افراد کی بڑی تعداد جھومتی ہوئی دکھائی دی۔

مزیدخبریں