لاہور (نامہ نگار‘ نیوز رپورٹر) پولیس نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں میں چھاپے مارے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر جی تھر جوہر ٹائون میں چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران عطاء اللہ تارڑ گھر پر موجود نہ تھے۔ چھاپے کے دوران کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ 25 مئی کو تحریک انصاف کے مارچ پر تشدد کے واقعات کے حوالے سے عطاء تارڑ کے گھر جوہر ٹائون‘ جی تھری میں چھاپہ مار گیا۔ پولیس کے مطابق عطاء تارڑ کو تفتیش کیلئے حاضری کا نوٹس بھجوایا گیا تھا‘ لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔ پولیس نے سابق لیگی صوبائی وزیر رانا مشہود کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پر بھی چھاپا مارا مگر وہ گھر موجود نہ تھے۔ رانا مشہود کا کہنا ہے کہ پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا مگر وہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد میں ہیں۔ رانا مشہود نے کہا کہ وہ پولیس کے چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
25 مئی واقعات ، عطا تارڑ ، رانا مشہود کے گھروں پر چھاپے
Aug 14, 2022