لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے مبارکبادی بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان کے فرمودات آج بھی مشعل راہ اور عمل درآمد کے متقاضی ہیں۔قائد اعظم محمد علی جناح ? انصاف کے بول بالا اور قانون کی حکمرانی کیلئے الگ وطن حاصل کیا۔ آزادی کیلئے لاکھوں شہدا نے خون کا نذارانہ پیش کیا۔اگر وطن عزیز کو انتہا پسندی،دہشتگردی،رشوت ستانی،اقربا پروری کی الائشوں سے پاک نہ کیا گیا تو یہ قائد اعظم ? کی فکر سے انحراف اور شہدا کے خون سے غداری ہو گی۔فلاحی ریاست کے قیام کی راہ میں یہ نظام بڑی رکاوٹ ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے یوم آزادی کی نسبت سے یوتھ لیگ کی طرف سے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگا کر آزادی تقریبات کا آغاز کیا۔اس موقع پر ملکی ترقی،سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج مقتدر پارٹیوں کے کارکن اپنے لیڈروں اور پارٹی کے مفادات کیلئے بول رہے ہیں مگر پاکستان اور بانی پاکستان کیلئے کوئی آواز نہیں اٹھ رہی۔تمام سیاسی جماعتیں معیشت،سیاسی استحکام کیلئے مذاکرات کریں ،کروڑوں غریب عوام تباہ حال معیشت کی وجہ سے ابتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈائریکٹر انٹر فیتھ سہیل احمد رضا نے انجام دئیے۔ بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، یوتھ لیگ کے مرکزی صدرمظہر محمود علوی،سینئر رہنما سید الطاف حسین شاہ ،جواد حامد نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ ، عبد الرحمان ملک ،منصور قاسم اعوان،راجہ ندیم،طیب ضیا ،سعید شاہ،مشتاق احمد و دیگر رہنما موجود تھے۔